پشاور:جائیداد میں حق مانگنے پر بہن اور والدہ پر تشدد کرنے والے دونوں بھائی گرفتار

پشاور میں پولیس نے بہن اور والدہ پر تشدد کرنے والے دونوں بھائیوں کو گرفتار کرلیا۔

واقعے کی وڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی جس میں 2 سفاک ملزمان کو ہتھوڑی اور ہیلمٹ سے اپنی والدہ اور بہن کو مار پیٹ کرتے دیکھا جاسکتا ہے۔

ویڈیو سامنے آنے کے بعد جہاں صارفین کی اکثریت نے تشدد کے عمل کی مذمت کی وہیں اس کے پس پردہ موجود ذہنیت کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا گیا۔

اس شرمناک فعل پر سوشل میڈیا صارفین نے سفاک اور بے شرم ملزمان پر خوب لعن طعن کی اور انہیں کڑی سزا دینے کا مطالبہ کیا۔

ابتدائی تفتیش کے مطابق دو بھائیوں نے جائیداد کے تنازع پر بہن اور ماں پر تشدد کیا۔ بہن جائیداد میں اپنا حصہ مانگ رہی تھی۔ پولیس نے آفتاب اور ارشد ولد عبدالحنان کیخلاف مقدمہ درج کرکے امین کالونی کے رہائشی دونوں بھائیوں کو مجسٹریٹ کی عدالت میں پیش کرکے جسمانی ریمانڈ کی درخواست کی، تاہم عدالت نے ملزمان کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔

عدالت آئے ملزمان میڈیا سے منہ چھپاتے رہے اور ان کے ساتھ آئے افراد کی جانب سے میڈیا کو ویڈیو بنانے سے روکنے کی کوشش کی جاتی رہی۔