ملک میں کوویڈ کیسز کی شرح پھر 3 فیصد کے قریب

کورونا وائرس سے ملک بھر میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران  مزید 19 افراد جاں بحق ہوگئے جبکہ گزشتہ ایک دن میں کورونا کے 1347 مثبت کیسز رپورٹ ہوئی ہیں۔اسی طرح  ملک میں کورونا کے مثبت کیسز کی شرح 2.97 فیصد رہی۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 45 ہزار 245 کورونا ٹیسٹ کئے گئے، جن میں سے 1347 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوگئی، جس کے بعد ملک بھر میں کورونا کے فعال کیسزکی تعداد  33 ہزار 299 ہوگئی ، جن میں سے ایک ہزار 894 کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے۔

این سی او سی کے مطابق ملک میں کورونا کے مثبت کیسز کی شرح 2.97 فیصد رہی۔

 اعدادو شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 19 اموات رپورٹ ہوئیں جس کے بعد مجموعی اموات کی تعداد 22 ہزار 427 ہوگئی ہے۔

این سی او سی کے مطابق ملک بھر میں اب تک مجموعی طور پر کورونا کے مصدقہ متاثرہ افراد کی تعداد 9 لاکھ 63 ہزار 660 ہو گئی ہے جبکہ  ملک بھر میں صحت یاب ہونے والے مریضوں کی تعداد 9 لاکھ 7 ہزار 934 ہوگئی ہے۔

دوسری جانب ملک میں کورونا سے بچاؤ کی ویکسینیشن کا عمل بھی جاری ہے، اب تک کورونا کی ایک کروڑ 73 لاکھ 90 ہزار 346 خوراکیں لگائی جاچکی ہیں، 33 لاکھ 63 ہزار 490 افراد کو کورونا کی دونوں خوراکیں دی جاچکی ہیں، جب کہ ایک کروڑ 40 لاکھ 26 ہزار 856 کو ایک خوراک دی گئی ہے۔