میرانشاہ:شمالی وزیرستان کے تحصیل سپین وام میں سیکورٹی چیک پوسٹ پر دہشت گردوں کے حملے میں سرکاری ذرائع کے مطابق تین سیکورٹی اہلکار شہید جبکہ ایک زخمی ہوا ہے۔
مقامی سرکاری ذرائع نے بتایا ہے کہ پیر کی صبح سویرے تحصیل سپین وام میں پاک افغان سرحد کے قریب حسن خیل کے علاقے میں نامعلوم مسلح حملہ اوروں نے خود کار ہتھیاروں کے ساتھ ایک سیکورٹی چیک پوسٹ پر اچانک حملہ کیا جس میں چھوٹے بڑے خود کار ہتھیاروں کا آزادانہ استعمال کیا گیا۔
فائرنگ کے نتیجے میں ابتدائی اطلاعات کے مطابق تین سیکورٹی اہلکار موقع پر شہید ہوئے جن میں نائیک گل بہادر، سپاہی عدنان اور سپاہی خْرم شامل ہیں۔
حملے میں فواد نامی ایک سپاہی زخمی بھی ہوا ہے جس کو ابتدائی طبی امداد کیلئے دوہ توئی ہسپتال لیجایا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق سیکورٹی اہلکاروں نے بھی بھرپور جوابی کاروائی کی اور علاقے میں سرچ آپریشن بھی شروع کیا گیا ہے۔
گذشتہ کئی دنوں سے شمالی وزیرستان میں پاک افغان سرحد کے قریبی علاقوں میں سیکورٹی فورسز پر حملوں میں اچانک اضافہ ہوا ہے جس سے لوگوں میں سخت خوف وہراس پھیل چکا ہے۔