ایک دن میں اٹھارہ سو سے زائد افراد مہلک وائرس کا شکار

کورونا وائرس سے ملک بھر میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران  مزید 35 افراد جاں بحق ہوگئے جبکہ گزشتہ ایک دن میں کورونا کے 1828 مثبت کیسز رپورٹ ہوئی ہیں۔ اسی طرح  ملک میں کورونا کے مثبت کیسز کی شرح 3.79 فیصد رہی۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 48 ہزار 134 کورونا ٹیسٹ کئے گئے، جن میں سے 1828 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوگئی۔

این سی او سی کے مطابق ملک میں کورونا کے مثبت کیسز کی شرح  3.79 فیصد رہی۔

 اعدادو شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 35 اموات رپورٹ ہوئیں جس کے بعد مجموعی اموات کی تعداد 22 ہزار 555 ہوگئی ہے۔

این سی او سی کے مطابق ملک بھر میں اب تک مجموعی طور پر کورونا کے مصدقہ متاثرہ افراد کی تعداد 9 لاکھ 71 ہزار 304 ہو گئی ہے جبکہ  ملک بھر میں صحت یاب ہونے والے مریضوں کی تعداد 9 لاکھ 12 ہزار 295 ہوگئی ہے۔