پشاور سے اپرچترال جانیوالی کوچ خوفناک حادثے کا شکار

چترال:پشاور سے اپر چترال جانے والی فلائنگ کوچ کوکو ریشن کے مقام پر حادثہ پیش آنے کے نتیجے میں 4 افراد جاں بحق جبکہ 15 مسافر شدید زخمی ہوگئے جنہیں  DHQہسپتال بونی داخل کر دیا گیا۔

جاں بحق ہونے والوں میں گاڑی کا ڈرائیور اور ایک خاتون بھی شامل ہیں۔

واقعات کے مطابق پشاور سے ایک گاڑی نمبرRIS 926  فلائنگ کوچ گزشتہ رات اپر چترال کے ہیڈ کوارٹر بونی کے لئے 18 مسافروں کو لے کر روانہ ہوئی۔

پوری رات سفر کے بعد جب گاڑی منزل سے صرف 25 کلومیٹر کے فاصلے پر ریشن کے مقام پر پہنچی تو خطرناک موڑ کاٹتے ہوئے ڈرائیور سے بے قابو ہو کر گہری کھائی میں جا گری جس کے نتیجے میں گاڑی کا ڈرائیور حمید حسین ولد بلبل حسین شاہ سکنہ بونی۔شبانہ دختر غلام سکنہ چرون۔سید حسن علی شاہ ولد حسن شاہ سکنہ آوی موقع پر جاں بحق ہوگئے جبکہ11 مسافر شدید زخمی ہوئے۔
زخمیوں میں 6 خواتین بھی شامل ہیں۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 بونی پولیس اور آکاہ کے مقامی رضاکاروں نے پہنچ کر زخمیوں کو کھائی سے ریسکیو کیا۔

گاڑی میں سوار تمام مسافر عیدآبائی علاقوں میں گزارنے کے لئے ملک کے مختلف حصوں سے آبائی گھروں کی طرف آ رہے تھے کہ حادثہ سے دوچار ہوئے۔