اسلام آباد: حکومت نے چینی کی خوردہ قیمت 88 روپے 24 پیسے مقرر کردی ہے اس حوالے سے وزارت صنعت و پیداوار نے نوٹی فکیشن بھی جاری کر دیا ہے۔
وزارت صنعت و پیداوار کی جانب سے جاری نوٹی فکیشن کے مطابق دسمبر 2020 سے مئی 2021 تک 24 لاکھ 74 ہزار ٹن چینی فروخت ہوئی.
چینی کی ایکس مل ریٹ 70 روپے 42 پیسے فی کلو گرام جب کہ ریٹیل پرائس 88 روپے 24 پیسے فی کلو گرام ہوگی۔ نئی قیمتیں فوری طور پر نافذ العمل ہوں گی۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز وزیر خزانہ شوکت ترین کی سربراہی میں وفاقی کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) کا اجلاس ہوا تھا جس میں یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن (یو ایس سی) کے ذریعے آٹے، گھی اور چینی کی قیمتوں میں 53 فیصد تک اضافے کا فیصلہ کیا گیا۔ جس کے بعد گھی کی فی کلو قیمت 170 روپے سے بڑھ کر 260 روپے فی کلو ہوگئی۔
اس کے علاوہ آٹے کی فی 20 کلو بوری 800 روپے سے 950 روپے کی ہوگئی۔اسی طرح چینی کی موجودہ قیمت 68 روپے سے بڑھا کر 85 روپے کردی گئی ہے۔