پوری دنیا میں ہلاکت خیزی برپا کرنے والے مہلک کورونا وائرس کے بعد اب امریکہ میں مونکی پاکس نامی وائرس نے خطرے کی گھنٹی بجادی۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق امریکی شہر ڈلاس کے شہری میں مونکی موکس نامی بیماری پائی گئی ہے جو نائجیریا کے شہر لیگوس سے اٹلانٹا اور پھر ڈلاس پہنچا تھا، جسے مونکی پاکس کی شکایت ہوتے ہی اسپتال منتقل کر دیا گیا۔
ڈاکٹرز نے کہا ہے کہ یہ بیماری عام طور پر سانس کے ذریعے پھیلتی ہے لیکن اس خاص کیس میں محکمہ صحت کے حکام کا خیال ہے کہ مریض کے ساتھ سفر کرنے والے دیگر افراد کو زیادہ خطرہ نہیں ہے کیونکہ دوران سفر سب ہی لوگوں نے ماسک لگا رکھے تھے۔
ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ یہ بیماری وسطی اور مغربی افریقہ میں عام پائی جاتی ہے تاہم امریکہ میں 2003 کے بعد اب یہ پہلا کیس سامنے آیا ہے۔
اس بیماری میں شرح اموات صرف ایک فیصد ہے جبکہ اس مرض میں نزلے جیسی علامات اور بغل کے نیچے سوجن ہوتی ہے اور چکن پاکس جیسی خارش شروع ہو جاتی ہے۔
ماہرین کے مطابق یہ بیماری چھوٹے جانوروں جیسے چوہا اور بندر سے انسانوں میں منتقل ہوتی ہے۔