پشاور: حیات آباد کے علاقہ میں جائیداد کے تنازعہ پر بھتیجوں نے ماں کے ہمراہ گھر میں گھس کرپراپرٹی کا کاروبار کرنے والے اپنے چچا کو اس کے بیوی بچوں کے سامنے فائرنگ کرکے موت کے گھاٹ اتار دیا مشتعل ملزمان نے جاں بچا کر بھاگنے کی کوشش کرنے والی مقتول کی بیوی اور معصوم بیٹے کو بھی فائرنگ اور پستول کے بٹ مار کر شدید زخمی کردیا ملزمان ارتکاب جرم کے بعد فرارہونے میں کامیاب ہوگئے پولیس نے مجروح خاتون کی رپورٹ پر ملزمان ماں بیٹوں کے خلاف اس کے شوہر کو قتل کرنے اور اسے بھی جان سے مارنے کی کوشش کرنے کا مقدمہ درج کرکے مزید تفتیش شروع کردی ہے تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز عیدالضحی کی شب حیات آباد فیز تھری کا رہائشی سید اسد علی شاہ ولد اعجاز حسین شاہ اپنے بیوی بچوں کے ہمراہ گھر میں موجود تھا کہ اس دوران مکان کی گھنٹی بجنے پر جوں ہی اس نے دروازہ کھولا تو اس کے بھتیجے فرخ حسنین عرف بنٹی ٗ مصور حسنین عرف بوبی پسران سید آصف علی شاہ اپنی والدہ مسماۃ رفعت حناء ساکنان ارباب رو ڈ بلال لین ان کے گھر میں گھس آئے اور آتے ہی اپنے چچا کے ساتھ جھگڑا شروع کرتے ہوئے پستول سے فائرنگ کرکے سید اسد علی شاہ کو شدید زخمی کردیا جبکہ پستول کے بٹ مار کرکے اس کے 10 سالہ معصوم بیٹے ہاشر عباس کو بھی زخمی کردیا مشتعل ملزمان نے جاں بچا کر کمرے میں بھاگ جانے والے خاتون مسماۃ نادیہ اسد کو بھی فائرنگ کرکے شدید زخمی کردیا تینوں ماں بیٹے ارتکاب جرم کے بعد موقع سے فرارہوگئے مجروحین کو طبی امداد کیلئے ہسپتال پہنچایا گیا جہاں بھتیجوں کی فائرنگ سے زخمی ہونیوالا چچا سید اسد علی شاہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہوگیا پولیس نے مقتول کی بیوہ اور واقعہ میں زخمی ہونیوالی خاتون مسماۃ نادیہ اسد کی رپورٹ پر ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرلیا ہے تاہم تاحال کسی ملزم کی گرفتاری عمل میں نہیں لائی جاسکی ۔