این سی او سی سربراہ اور وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر نے کہا ہے کہ کورونا کا خطرہ ابھی ٹلا نہیں اس لئے عوام ویکسی نیشن کروائیں اور ایس او پیز پر عمل کریں۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ایک پیغام میں سربراہ این سی او سی اسد عمر نے کہا کہ خطے میں کورونا سے سب سے زیادہ اموات ایران میں فی 10 لاکھ آبادی 1037 اموات ہوئیں، نیپال میں 326، بھارت میں 301، سری لنکا میں 186 فی ملین اموات ہوئیں، افغانستان میں 160 اور بنگلا دیش میں 113فی ملین اموات ہوئیں۔
وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ پاکستان میں بروقت فیصلوں کی وجہ سے کورونا اموات صرف 102فی ملین اموات ہوئیں، کورونا کا خطرہ ابھی ٹلا نہیں، عوام ویکسی نیشن کروائیں اور ایس او پیز پر عمل کریں۔
واضح رہے کہ ملک میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا سے مزید 32 افراد جاں بحق ہوگئے جب کہ ایک ہزار 841 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔