پشاور:محکمہ صحت خیبرپختونخوا نے صوبے کے 7 پسماندہ اضلاع میں ترجیحی بنیادوں پر اسپیشلسٹ ڈاکٹرز کی تعیناتی کا فیصلہ کر لیا، جس کے لئے باضابطہ منصوبہ بندی کا آغاز کردیا گیا ہے۔
محکمہ صحت خیبرپختونخوا نے چترال، کوہستان، تورغر، ٹانک، شانگلہ، لکی مروت، اور بٹگرام میں ماہر ڈاکٹرز کی خالی آسامیوں پر تعیناتی کے لئے ڈی ایچ اوز سے تفصیلات طلب کی ہیں۔
اس سلسلے میں بتایا جارہا ہے کہ جن ڈاکٹرز کی ٹریننگ مکمل ہوجائے گی انہیں ان اضلاع کی خالی آسامیوں پر تعینات کیا جائے گا۔
ڈاکٹروں کو ایک سے دو سال کی مدت کا تعین کیا جائے گا جس کے بعد اسپیشلسٹ کیڈر کی صورت میں ڈاکٹروں کی تعیناتی عمل میں لائی جائے گی۔
محکمہ صحت نے ان اضلاع میں تمام منظور شدہ آسامیوں، ٹریننگ پر موجود ڈاکٹرز اور اسپتالوں و طبی مراکز کو درکار عملے کے حوالے سے بھی جائزہ لینا شروع کردیا ہے۔
ڈی ایچ اوز سے رپورٹس موصول ہونے کے بعد اس حوالے سے باضابطہ حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔