اسلام آباد:ملک بھر میں ایس او پیز کی خلاف ورزیوں کے باعث کورونا وائرس کی چوتھی لہر شدت پکڑنے لگی۔
مزید 45افراد جاں بحق اور 2819نئے کیسز رپورٹ ہوئے۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر(این سی او سی) کے اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے مزید 2 ہزار 819 کیسز سامنے آئے ہیں، مزید 45 افراد اس موذی وباء کے سامنے زندگی کی بازی ہار گئے۔
گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران 44 ہزار 579 کورونا ٹیسٹ کیے گئے، مثبت کیسز کی شرح تقریباً ساڑھے 6 فیصد کے قریب پہنچ چکی ہے۔
پاکستان بھر میں کورونا وائرس سے ہونے والی اب تک اموات کی مجموعی تعداد23ہزار سے اوپر چلی گئی۔
کورونا کے بڑھتے کیسز کے سبب کراچی کے ضلع کورنگی کی 5 یوسیز میں لاک ڈاؤن نافذ کر دیا گیا، بلوچستان کے ضلع کیچ میں آج سے 15روزہ لاک ڈاؤن نافذ کردیا گیا۔