مہلک وائرس سے ملک بھر میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 32 افراد جاں بحق ہوگئےجبکہ گزشتہ ایک دن میں کورونا کے مزید 2145 مثبت کیسز رپورٹ ہوئے ہیں ، اسی طرح ملک میں کورونا کے مثبت کیسز کی شرح بڑھ کر ساڑھے 7 فیصد سے بھی زائد ہو گئی ہے۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 49 ہزار 947 کورونا ٹیسٹ کئے گئے، جن میں سے 3752 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوگئی۔
این سی او سی کے مطابق ملک میں اس وقت کورونا کے مصدقہ فعال کیسز کی تعداد 57 ہزار 799 ہے جن میں سے 2 ہزار 677 کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے۔
اعدادو شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 32 اموات رپورٹ ہوئیں جس کے بعد مجموعی اموات کی تعداد 23 ہزار 048 ہوگئی ہے۔
این سی او سی کے مطابق ملک بھر میں اب تک مجموعی طور پر کورونا کے مصدقہ متاثرہ افراد کی تعداد 10 لاکھ 8 ہزار 446 ہو گئی ہے جبکہ ملک بھر میں صحت یاب ہونے والے مریضوں کی تعداد 9 لاکھ 27 ہزار 599 ہوگئی ہے۔