ٍخضدار: خضدار میں کوچ اور گاڑی میں تصادم سے پانچ افراد جاں بحق جبکہ پندرہ سے زائد زخمی ہوگئے ہیں۔
پیر کو تفصیلات کے مطابق خضدار میں قومی شاہراہ پر وڈھ کے قریب کوچ اور گاڑی کے درمیان ٹکر کے نتیجے میں پانچ افراد جاں بحق ہوگئے۔
اطلاع ملنے پر ریسکیو ٹیم موقع پر پہنچ گئی لاشوں اور زخمیوں کو قریبی ہسپتال منتقل کردیاگیا۔
ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ جاں بحق افراد کا تعلق ایک ہی خاندان سے ہے،واقعے کی تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔
خیال رہے کہ کوئٹہ کراچی شاہراہ کی خستہ حالی اور تنگ سڑکوں کی وجہ سے آئے روز حادثات پیش آتے رہتے ہیں، ان ٹریفک حادثات کی ایک اہم وجہ کوچ ڈرائیوروں کی لاپرواہی بھی ہے۔
کراچی کوئٹہ شاہراہ پر سب سے زیادہ حادثات خضدار اور بیلہ کے درمیان پیش آتے رہے ہیں۔
وڈھ، اور ناچ کے مقام پر اس سے قبل بھی حادثات ہوتے رہے ہیں، گذشتہ ماہ خضدار کے قریب بھلونک تھانے کی حدود میں تیز رفتار مسافر کوچ الٹنے سے 18 مسافر جاں بحق جبکہ متعدد زخمی ہوئے تھے۔
چند ماہ قبل ٹریفک حادثے کے نتیجے میں 6 افراد زندگی سے ہاتھ دھو بیٹھے تھے، جب کہ 21 افراد زخمی ہوئے، اس کے بعد ایک اور ٹریفک حادثے میں 5 افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھے تھے جب کہ 15 زخمی ہوئے تھے۔