پشاور میں پولیس کانسٹیبل قتل 

پشاور:پولیو ڈیوٹی کے بعد گھر جانیوالے ایف آر پی کانسٹیبل کو نامعلو م موٹر سائیکل سواروں نے پشاور کے نواحی علاقہ داؤدزئی جوگنی میں فائرنگ کرکے قتل کردیا۔

 ملزمان مقتول اہلکار سے سرکاری رائفل بھی چھین کر فرار ہوگئے اطلاع ملتے ہی سی سی پی او پشاور ٗ ایس ایس پی آپریشن ٗ ایس ایس پی انوسٹی گیشن اور دیگر حکام پولیس کی بھاری نفری کے ہمراہ موقع پر پہنچ گئے جبکہ جائے وقوعہ کا گھیراؤ کرتے ہوئے رات گئے تک سرچ آپریشن جاری رہا۔

 ترجمان پشاور پولیس کے مطابق ایف آر پی کانسٹیبل آصف جو تھانہ خزانہ کے علاقے میں پولیو ڈیوٹی پر مامور تھا اتوار کے روز ڈیوٹی ختم کرنے کے بعد اپنی موٹر سائیکل پر گاؤں جارہاتھاکہ اس دوران داؤدزئی کے علاقے جوگنی میں مسلح موٹر سائیکل سوارملزموں نے اس پر اندھا دھند فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں وہ موقع پر ہی دم تو ڑ گیا۔ملزمان سرکاری رائفل چھین کر فرار ہوگئے۔

 ادھر پولیس حکام نے موقع پرپہنچ کر اہم شواہد اکٹھے کرلئے  ہیں۔

سی سی پی او کے مطابق واقعہ کی مختلف پہلوؤں سے تفتیش شروع کر دی گئی ہے ٹارگٹ کلنگ سمیت تمام ممکنہ وجوہات کو زیر غور لایا جا رہا ہے۔