پشاور: صوبے کے سب سے بڑے طبی مرکز لیڈی ریڈنگ ہسپتال کی ایمرجنسی میں مسلح افغان بھائیوں نے زخمی چچا کو فائرنگ کرکے قتل کردیا اور واردات کے بعد باآسانی موقع سے فرار ہوگئے۔
ملزموں نے مقتول کو پہلے تھانہ بھانہ ماڑی کے علاقے میں فائرنگ کرکے زخمی کیا۔ ہسپتال میں فائرنگ اور قتل کے واقعہ نے سکیورٹی انتظامات پر سوالات کھڑے کردیئے۔
ایمرجنسی وارڈ میں فائرنگ سے ہسپتال میں بھگدڑ مچ گئی اور لوگوں میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا۔
دوسری جانب ہسپتال انتظامیہ نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے انکوائری کا حکم دے دیا جبکہ پولیس نے مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی ہے۔
پولیس کے مطابق دیرینہ عداوت پر شیرزئی عرف شیر اور ملنگے پسران سدوزئی ساکنان افغانستان نے اپنے چچا شیرین ولد شیرزادہ کوتھانہ بھانہ ماڑی کی حدود میں فائرنگ کرکے زخمی کیا جسے طبی امداد کیلئے لیڈی ریڈنگ ہسپتال منتقل کردیا گیا جہاں اس کا علاج جاری تھا کہ اس دوران ملزمان شیرزئی عرف شیر اور ملنگے نے ایمرجنسی وارڈ میں داخل ہوکر اپنے مجروح چچا پر دوبارہ فائرنگ کردی جس کے نتیجہ میں وہ موقع پر ہی جان کی بازی ہارگیا۔
ترجمان لیڈی ریڈنگ ہسپتال محمد عاصم کے مطابق قتل ہونے والا شخص افغان باشندہ تھا جس کو پہلے بھی گولی لگی تھی، قتل کا واقعہ ذاتی دشمنی کا شاخسانہ ہے۔
قاتل ایمرجنسی گیٹ پر رش کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔