اسلام آباد: اسلام آباد میں قتل کی ایک اور واردات ہوئی ہے جس میں نامعلوم افراد نے مبینہ طور پر معمر میاں بیوی کو گھر میں گھس کر قتل کیا اور جائے وقوع سے فرار ہو گئے۔
نجی ٹی وی کے مطابق اسلام آباد میں تھانہ بنی گالہ کی حدود میں معمر میاں بیوی اپنے گھر میں مردہ پائے گئے ہیں۔
اس ضمن میں تھانہ بنی گالہ نے اپنے گھر میں مردہ پائے جانے والے 74سالہ میجر (ریٹائرڈ)شاہد رحمان اور ان کی اہلیہ کے بیٹے کی مدعیت میں نامعلوم افراد کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کرلیا ہے۔
مقدمہ کے مدعی نے موقف اختیار کیا ہے کہ نا معلوم افراد نے گھر میں گھس کر ان کے والدین کو قتل کیا ہے۔
ابتدائی تفتیش کے حوالے سے پولیس کے ذمہ دار ذرائع کا کہنا ہے کہ اس حوالے سے بھی تفتیش کی جارہی ہے کہ کہیں معمر میاں بیوی کو کھانے میں زہر تو نہیں دیا گیا؟