ملک میں کورونا کیسز کی شرح 9 فیصد سے بھی بڑھ گئی

مہلک وائرس سے ملک بھر میں مزید 60 افراد زندگی کی بازی ہار گئے، جبکہ گزشتہ ایک دن میں کورونا نے مزید 5 ہزار 661 افراد کو اپنا شکار بنالیا ہے ، جس کے ساتھ ہی ملک میں کورونا کے مثبت کیسز کی شرح بڑھ کر 9 فیصد سے بھی زائد ہوگئی۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 62 ہزار 462 کورونا ٹیسٹ کئے گئے، جن میں سے 5 ہزار 661 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوگئی۔

 اعدادو شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 60 اموات رپورٹ ہوئیں جس کے بعد مجموعی اموات کی تعداد 23 ہزار 635 ہوگئی ہے۔

این سی او سی کے مطابق ملک بھر میں اب تک مجموعی طور پر کورونا کے مصدقہ متاثرہ افراد کی تعداد 10 لاکھ 53 ہزار 660 ہو گئی ہے جبکہ  ملک بھر میں صحت یاب ہونے والے مریضوں کی تعداد 9 لاکھ 52 ہزار 616 ہوگئی ہے۔