جنوبی اضلاع میں پانی کا مسئلہ 2سال میں حل کرنیکا اعلان 

پشاور:وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان کی زیر صدارت جنوبی اضلاع کے اراکین صوبائی اسمبلی کے ساتھ ایک اہم اجلاس جمعرات کے روز وزیراعلیٰ ہاؤس پشاور میں منعقد ہوا۔

 اجلاس میں مذکورہ اضلاع میں عوام کو درپیش مسائل کے حل کے لئے گزشتہ اجلاس میں کئے گئے فیصلوں پر پیشرفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

 اس سلسلے میں اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایاگیا کہ جنوبی اضلاع کے مختلف شعبوں میں اہم نوعیت کے 37 عوامی مسائل کی نشاندہی کی گئی تھی جن کو حل کرنے کے لئے وزیراعلیٰ کی طرف سے موقع پر متعلقہ حکام کو ضروری اقدامات اٹھانے کی ہدایت کی گئی تھی جس کے نتیجے میں اب تک بار ہ اہم عوامی مسئلے حل کئے گئے ہیں اور باقی مسائل پر ٹائم لائنز کے مطابق پیشرفت جاری ہے۔آئندہ دو سالوں میں جنوبی اضلاع میں پانی کا مسئلہ حل کرنے کا اعلان کردیا گیا۔

 صوبائی وزیر شاہ محمد وزیراور وزیراعلیٰ کے معاون خصوصی ظہور شاکر کے علاوہ جنوبی اضلاع سے تعلق رکھنے والے اراکین صوبائی اسمبلی، متعلقہ محکموں کے انتظامی سیکرٹریز، متعلقہ کمشنرزاور دیگر متعلقہ محکموں کے اعلیٰ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔

 انہوں نے خصوصی طور پرصحت، تعلیم اور آبنوشی کے منصوبوں کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کرنے کی ضرورت پر زور دیا اورمتعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ دو آبہ ہسپتال سمیت دیگر صحت کی سہولیات کو فعال بنانے کے لئے عملی اقدامات اٹھائے جائیں۔

 وزیراعلیٰ نے سیکرٹریز صحت اور مواصلات و تعمیرات کوہدایت کی کہ وہ بلا تاخیر دوآبہ ہسپتال کا دورہ کرکے رپورٹ پیش کریں تاکہ ہسپتال کو عوام کی سہولت کے لئے فعال بنایا جا سکے۔ انہوں نے اس موقع پر تما م صوبائی محکموں کو ہدایت کی کہ مکمل شدہ عمارتوں کی ہینڈنگ /ٹیکنک اوور کا عمل بغیر کسی تاخیر کے مکمل کیا جائے۔ 

انہوں نے نو تعمیر شدہ ہنگو جیل کی عمارت کی ہینڈنگ اور ٹیکنگ اوور ایک ماہ کے اندر یقینی بنانے کی ہدایت کی اور کہا کہ وہ جیل کا باضابطہ افتتاح کریں گے جس کے لئے تیاریاں مکمل ہونی چاہئیں۔

 وزیراعلیٰ نے متعلقہ حکام کو ہنگو یونیورسٹی کی عمارت کی تعمیر کے منصوبے پر پیشرفت تیز کرنے اور منصوبے کا پی سی ون اور فیزبیلیٹی سٹڈی جلدتیار کرنے کی ہدایت کی۔

وزیراعلیٰ نے ہنگو کے سرکاری کالجوں میں سٹاف کی دستیابی یقینی بنانے کے لئے ضروری اقدامات مکمل کرنے کی ہدایت کی اور واضح کیا کہ وہ تمام پروفیسرز یا لیکچرار جو ڈیپوٹیشن پر دوسرے محکموں میں کام کر رہے ہیں انہیں واپس بلایا جائے تاکہ انہیں سرکاری اعلیٰ تعلیمی اداروں میں خالی آسامیوں پر تعینات کیا جا سکے۔

 انہوں نے مزید برآں تمام محکموں کے اعلیٰ حکام کو ہدایت کی کہ ایک ہی پوسٹ پر دو سالوں سے تعینات ملازمین کے تبادلوں وتعیناتیوں کے حوالے سے حکومت کی پالیسی پر عملدرآمد کے حوالے سے تحریر ی رپورٹ پیش کی جائے۔

 وزیراعلیٰ نے ڈیرہ اسماعیل خان شہر میں تجاوزات کے خاتمے کے لئے اقدامات کی ہدایت کی۔ انہوں نے واضح کیا کہ صوبے کے تمام اضلاع میں تجاوزات کے خلاف جاری اقدامات کو مزید مؤثر بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ شہروں میں تجاوزات کاہر صورت خاتمہ کرنا ہے۔

 وزیراعلیٰ نے ڈی آئی خان میں دارالامان کے قیام کی ضرورت سے اتفاق کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ اسے دارالامانوں کے قیام کے لئے پہلے سے موجود اسکیم میں ڈالا جائے۔ انہوں نے ہنگو میں پبلک پارک کی تعمیر کے لئے زمین کی نشاندہی یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی۔

 وزیراعلیٰ نے کہا کہ صوبائی حکومت ہر ضلع میں دو پبلک پارک بنانے جارہی ہے، جس کے لئے کمشنرز زمین کی نشاندہی کا عمل جلد مکمل کریں۔ وزیراعلیٰ نے اس موقع پر سکولوں کی مرمت و بحالی کے منصوبے پر پیشرفت تیز کرنے کی بھی ہدایت کی۔ انہوں نے جنوبی اضلاع کے پانی کی قلت والے علاقوں کو پینے کا صاف پانی فراہم کرنے کے لئے مجوزہ اسکیموں پر مرحلہ وار عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی اور کہا کہ حکومت کی کوشش ہے کہ آئندہ دو سالوں میں جنوبی اضلاع میں پانی کا مسئلہ حل کرلیا جائے۔