مہلک وائرس سے مزید 67 اموات رپورٹ

مہلک وائرس سے ملک بھر میں مزید 67 افراد زندگی کی بازی ہار گئے، جبکہ گزشتہ ایک دن میں کورونا نے مزید 4 ہزار 745 افراد کو اپنا شکار بنالیا ہے ، جب کہ ملک میں کورونا مثبت کیسز کی شرح 8.18 فیصد ریکارڈ ہوئی ہے۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 57 ہزار 981 کورونا ٹیسٹ کئے گئے، جن میں سے 4 ہزار 745 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوگئی۔

 اعدادو شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 67 اموات رپورٹ ہوئیں جس کے بعد مجموعی اموات کی تعداد 23 ہزار 702 ہوگئی ہے۔

این سی او سی کے مطابق ملک بھر میں اب تک مجموعی طور پر کورونا کے مصدقہ متاثرہ افراد کی تعداد 10 لاکھ 58 ہزار 405 ہو گئی ہے جبکہ  ملک بھر میں صحت یاب ہونے والے مریضوں کی تعداد 9 لاکھ 54 ہزار 711 ہوگئی ہے۔