ملک میں کورونا ویکسینیشن کے حوالے سے اہم فیصلے جاری

این سی او سی نے ملک میں کورونا ویکسینیشن کے حوالے سے اہم فیصلے جاری کئے ہیں۔

این سی او سی نے ملک میں ویکسینیشن کی رفتار کو تیز کرنے کیلئے ویکسین کی تمام اقسام میں پہلی اور دوسری ڈوز کا درمیانی وقفہ 42 دن سے کم کر کے 28 دن کر دیا۔

این سی او سی کے مطابق یہ فیصلہ وزارت صحت اور طبی ماہرین کی مشاورت کے بعد کیا گیا۔

اسی طرح دس ستمبر کے بعد ہوائی سفر کیلئے مکمل ویکسینیشن لازمی قرار دی گئی ہے۔ دس ستمبر کے بعد ویکسینیشن کا جزوی سرٹیفیکیٹ کارآمد نہیں ہوگا۔ اس حوالے سے تمام اکائیوں کو آگاہ کر دیا گیا ہے۔
این سی او سی کا کہنا ہے کہ وبا کے بڑھتے ھوئے پھیلاؤ کو روکنے اور اسکے اثرات کو کم کرنے کیلئے ویکسینیشن کے عمل کی جلد تکمیل انتہائی مفید قرار دی گئی ہے۔

علاوہ ازیں این سی او اسی نے 14 اگست و عاشورہ کے موقع پر ویکسی نیشن کے بارے میں فیصلہ کیا ہے کہ چودہ اگست کو ویکسی نیشن کا عمل بدستور جاری رہے گا، لیکن محرم کی نویں و دسویں تاریخ کو ویکسی نیشن کا عمل معطل رہے گا۔

ادھر کورونا ویکسین کی ایک اور کھیپ پاکستان پہنچ گئی ہے۔ کنسائنمنٹ میں سائینو فارم کی 10 لاکھ خوارکیں موجود ہیں۔ ویکسین دفتر خارجہ اور چینی سفارت خانے نے وصول کی۔