تربیلا کی ٹنل فائیو سے ڈیم کی زندگی مزید بڑھ جائےگی۔ ماہرین

وزیراعظم عمران خان نے تربیلا ڈیم کے پانچویں توسیعی منصوبے کا سنگ بنیاد رکھ دیا ، منصوبہ 807 ملین ڈالر کی لاگت سے تعمیر کیا جارہا ہے۔

منصوبے کا بنیادی مقصد تربیلا ڈیم کو مٹی بھرنے کے خطرات سے محفوظ بنانا ہے ، منصوبے کے باعث تربیلا ڈیم سے زرعی مقاصد کےلئے پانی کی دستیابی جاری رہے گی جبکہ 1530 میگاواٹ ماحول دوست اور سستی پن بجلی بھی حاصل ہو گی۔

تربیلا ڈیم کے توسیعی منصوبے کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ گلوبل وارمنگ کا پاکستان سمیت دنیا کو بڑا مسئلہ آرہاہے، ماہرین کا کہنا ہے دنیا کو موسمیاتی تبدیلی کے حوالے سے مشکلات کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے، دنیا میں کہیں گرمی بڑھ رہی اور کہیں سیلاب آرہے ہیں۔

وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ تربیلا ڈیم توسیع کے منصوبے سے بہترین  نتائج ملیں گے جب کہ تربیلا کی ٹنل فائیو سے ڈیم کی زندگی بڑھ جائےگی، اس کے علاوہ داسو اور بھاشا کا بروقت بننا بہت ضروری ہے، مہمند ڈیم 2025 اور بھاشا 2028 میں تیار ہوجائیں گے جب کہ اگلے 10 سال میں ملک میں 10 نئے ڈیمز بنیں گے۔

وزیراعظم نے کہا کہ جو بجلی بنانے کے معاہدے کیے گئے، وہ دنیا کے مہنگے ترین معاہدے ہیں، دریائے سندھ کے سارے راستے سے سستی بجلی بناسکتے تھے تاہم اب ہم بجلی کا استعمال کریں یا نہ کریں، ادائیگی کرنی ہوتی ہے لہذا ہم نے مہنگی بجلی سے نجات حاصل کرنے کے لیے کام کرنا ہوگا۔