پاکستان آرڈیننس فیکٹری میں دھماکہ، 3ملازمین جاں بحق

 راولپنڈی کے علاقے واہ کینٹ میں قائم اسلحہ بنانے والی فیکٹری میں حادثاتی طور پر دھماکا ہوا، جس میں تین ملازمین جاں بحق جبکہ دو زخمی ہوگئے۔

پاک فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری اعلامیے میں دھماکے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا گیا کہ ’پی اوایف واہ فیکٹری کےایک پلانٹ میں حادثاتی طورزورداردھماکا ہوا‘۔
آئی ایس پی آر کے مطابق حادثے میں 3 ملازمین جاں بحق جبکہ دو زخمی ہوئے جنہیں فوری طور پر ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

پاک فوج کے ترجمان نے بتایا کہ جائے وقوعہ پر صورت حال کنٹرول میں ہے، ابتدائی تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی کہ دھماکا فنی خرابی کے باعث ہوا۔ آئی ایس پی آر نے تحقیقات مکمل کر کے تفصیلات جاری کرنے کا اعلان بھی کیا ہے۔

قبل ازیں راولپنڈی میں زور دار دھماکے کی آواز دور دور تک سنی گئی تھی۔ پولیس ذرائع کے مطابق دھماکے کی آواز واہ کینٹ کی طرف سے آئی، آواز کی شدت سے اطراف کی عمارتوں کے شیشے بھی ٹوٹ گئے تھے۔