پشاور:گورنر خیبرپختونخوا شاہ فرمان سے وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوامحمود خان نے جمعرات کے روز گورنر ہاؤس پشاور میں ملاقات کی۔
ملاقات میں عوامی مفاد کے بڑے منصوبہ اوچ نہر کی بحالی سے متعلق تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر قائمقام چیف سیکرٹری ظفر علی شاہ، سیکرٹری محکمہ ایریگیشن طاہر اورکزئی اور پراجیکٹ ڈائریکٹر ری موڈلنگ آف ورسک کینال منصوبہ بھی موجود تھے۔
سیکرٹری محکمہ آبپاشی طاہر اورکزئی نے گورنر اور وزیر اعلیٰ کو ری ماڈلنگ آف ورسک کینال منصوبہ کی اب تک کی پیش رفت سے متعلق تفصیلات فراہم کیں۔
اس موقع پر گورنر خیبرپختونخوا شاہ فرمان نے سیکرٹری محکمہ ایریگیشن طاہر اورکزئی کو سخت ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ رواں ماہ ستمبر میں اوچ نہر میں ہر صورت میں پانی کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔
گورنر نے ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ منصوبہ کے تحت ورسک کینال سے کم از کم دو بھاری مشینری کے زریعے اوچ نہر میں پانی کی ترسیل آئندہ ماہ ستمبر میں شروع کر دی جائے۔
عوامی مفاد کا منصوبہ ہر صورت میں مقررہ مدت کے اندر مکمل ہونا چاہئے اور اس ضمن میں کسی قسم کی کوتاہی، غفلت یا سستی برداشت نہیں کی جائے گی۔
گورنر شاہ فرمان کا کہنا تھا کہ ری موڈلنگ آف ورسک کینال منصوبہ انتہائی اہمیت کا حامل عوامی مفاد کا منصوبہ ہے جس سے عرصہ دراز سے خشک نہر(اوچ نہر) میں پانی کی فراہمی سے نہ صرف علاقہ عوام کی محرومیوں کا ازالہ ہو گا بلکہ پشاور کے مضافاتی علاقوں کوہ دامان میں ہزاروں ایکڑ بنجر اراضی سیراب ہو گی۔