مانسہرہ:شنکیاری میں مسافر کوسٹر اور ٹیکسی کے درمیان تصادم سے 4 افراد جاں بحق ہوگئے۔
ذرائع کے مطابق مانسہرہ کے علاقے شنکیاری میں سی پیک روٹ پر گلگت سے آنے والی مسافر کوسٹر ڈرائیور کی جانب سے اوور ٹیک کی کوشش کے دوران ٹیکسی سے ٹکرا گئی۔
حادثے کے نتیجے میں ٹیکسی میں سوار 4 افراد موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے۔ جاں بحق ہونے والے تمام افراد کے جسد خاکی قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا جب کہ کوسٹر کا ڈرائیور فرار ہوچکا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ جاں بحق ہونے والوں میں 3 مرد اور ایک بچی شامل ہیں، ابتدائی شواہد کے مطابق حادثہ کوسٹر کے ڈرائیور کی جانب سے اوور ٹیک کی کوشش کی وجہ سے پیش آیا، ڈرائیور کو گرفتار کرنے کے لئے اقدامات کرلیے گئے ہیں۔