پشاور: طور خم سرحد پر طالبان نے قبضہ کرکے بارڈر بھی بند کردیا۔
رپورٹ کے مطابق چمن سے متصل باب دوستی گیٹ کا کنٹرول سنبھالنے کے بعد اب طالبان نے طور خم بارڈر پر بھی مکمل کنٹرول حاصل کرلیا ہے، اور پولیس کا کہنا ہے کہ طالبان نے کنٹرول حاصل کرنے کے بعد بارڈر بند کر دیا ہے۔
دوسری جانب جس کے بعد پاکستان نے بھی پاک افغان سرحد سیل کردی ہے، اور سیکیورٹی فورسز کی اضافی نفری تعینات کردی گئی ہے۔
سیکیورٹی حکام نے مچنی پوسٹ سے گاڑیوں کی آمدرورفت بند کر دی ہے اور مال بردار گاڑیوں سمیت ہر قسم کی ٹریفک طورخم جانے کے لئے روک دی گئی ہیں، ۔ سریکاری ذرائع کا کہنا ہے کہ طورخم بارڈر پر سرحد پار طالبان کی موجودگی پر فیصلہ کیا گیا ہے۔ سرکاری ذرائع کا کہنا ہےکہ پاک افغان سرحد طورخم کو گزشتہ شب سے ہی بند کر دیا گیا تھا۔
ڈی سی خیبر منصور ارشد کا کہنا ہے کہ سرحدی گزرگاہ پر ہر قسم آمدورفت معطل ہے، طورخم سرحد افغان سائیڈ پر طالبان کا قبضہ ہے اور طالبان نے سرحد کو بند کردیا ہے، جب کہ پاکستان کی طرف سے جانے والے تجارتی گاڑیوں کو پولیس نے روک دیا ہے۔ سرحد پر پاکستانی حکام اور طالبان کے درمیان مذاکرات جاری ہیں، حتمی مذاکرات اور فیصلے کے بعد تجارتی سرگرمیاں بحال ہوجائیں گی۔
واضح رہے کہ گزشتہ ماہ طالبان نے افغانستان کے بیشترعلاقوں کے بعد چمن سے متصل باب دوستی گیٹ کا کنٹرول بھی سنبھال لیا تھا اور باب دوستی پر اپنا پرچم لہرا دیا، اس حوالے سے طالبان کی جانب سے ویڈیوز بھی جاری کی گئیں جن میں وہ سرحدی گیٹ سے ملحقہ علاقے میں گشت کرتے ہوئے اور چوکیوں پر پرچم لہراتے ہوئے نظر آ رہے ہیں۔