پشاور: سانحہ ڈینز ٹریڈ سنٹر میں شہداء کے ورثاء‘ صافی و مہمند قوم کی 16 رکنی کمیٹی نے صوبائی حکومت و ضلعی انتظامیہ کیساتھ مذاکرات کامیاب ہونے کے بعد چند شرائط پر ڈینز ٹریڈ سنٹر کو باقاعدہ طور پر کھولنے کا اعلان کردیا جس کے بعد باقاعدہ ضلعی و پولیس افسران کی موجودگی میں ڈینز ٹریڈ سنٹر کو کھول دیا گیا۔
اس سلسلے میں ڈینز ٹریڈ سنٹر میں ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں بانی صافی قوم اتحاد آرگنائزیشن رجسٹرڈ حاجی شرف الدین صافی‘ شوریٰ کمیٹی سربراہ ملک حاجی اسرائیل صافی‘ جنرل سیکرٹری و معاون خصوصی بانی حبیب اللہ صافی اور مہمند قوم کے ملک حاجی سلطان‘ ملک طاہر اکبر اور حاجی فضل مولا‘ مرکزی ترجمان ہارون صافی‘ میڈیا سیل انچارج مسید خان صافی‘ اسسٹنٹ کمشنر ڈاکٹر احتشام الحق‘ ڈی ایس پی کینٹ احسان اللہ شاہ‘ تاجر برادری اور دیگر اقوام کے عمائدین نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔
اس دوران صافی و مہمند قوم کے عمائدین نے ضلعی و پولیس افسران کو مطالبات پیش کئے کہ 2003 ء سے دکانداروں سے رجسٹری کی بابت گئے گئے وعدوں کو عملی جامہ پہنایا جائے‘۔
واپڈا میٹرز یونٹ دکان پر لگانے سمیت ڈینز ٹریڈ سنٹر میں جو مالکان شہداء کے قتل کے ایف آئی آر میں نامزد ہیں ان کی پراپرٹی مکمل بند کردی جائے جس میں میگا مارٹ‘ ملک ایکسچینج‘ شیراز ہوٹل‘ مینجمنٹ آفس شامل ہیں۔
اس کے علاوہ اسسٹنٹ کمشنر پشاور کی جانب سے کنٹونمنٹ بورڈ کو لیٹر لکھا جائے گا جبکہ بعد ازاں جو بھی پراپرٹی مذکورہ مالکان کے نام سے سامنے آئے گی وہ بھی فوری طور پر بند کر دی جائے۔
ڈینز ٹریڈ سنٹر میں موٹر سائیکل و کار پارکنگ دکانداروں کی سہولت کیلئے فری پاسز جاری کئے جائیں اور مسئلے کے حل تک عام عوام کیلئے پارکنگ فیس نہیں ہو گی۔
ڈینز ٹریڈ سنٹر کی سیکورٹی متعلقہ تھانے کے حوالے کر دی جائے اور باقاعدہ طور پر پولیس چوکی قائم کی جائے۔
ڈینز ٹریڈ سنٹر کے ان آؤٹ دروازوں پر خیراللہ مہمند اور عنایت اللہ صافی شہید کے نام لکھے جائیں جس کو اسسٹنٹ کمشنر پشاور نے منظور کرتے ہوئے ہر قسم کے تعاون کی یقین دہانی کرائی اور کہا کہ اس سلسلے میں متعلقہ حکام کو لیٹرز ارسال کردیئے جائیں گے جس پر صافی و مہمند قوم کے عمائدین اور سولہ رکنی کمیٹی نے ضلعی و پولیس افسران کا شکریہ ادا کیا۔