کوروناویکسین حاملہ خواتین کیلئے محفوظ ہے؟ سائنسدانوں کی تحقیق

واشنگٹن:کووڈ 19 کی روک تھام کرنے والی ویکسینز حاملہ اور بچوں کو دودھ پلانے والی خواتین کے لیے محفوظ ہیں اور انہیں دیگر خواتین کے مقابلے میں زیادہ سنگین مضر اثرات کا سامنا نہیں ہوتا۔

میڈیارپورٹس کے مطابق یہ بات امریکا میں اس حوالے سے ہونے والی اب تک کی ایک بڑی تحقیق میں سامنے آئی۔

یونیورسٹی آف واشنگٹن اسکول آف میڈیسین کی اس تحقیق میں ویکسینیشن کرانے والی 17 ہزار سے زیادہ خواتین کو شامل کیا گیا اور ان میں حاملہ اور بچوں کو دودھ پلانے والی خواتین کی اکثریت تھی۔

تحقیق میں بتایا گیا کہ حاملہ خواتین میں ویکسینیشن سے معمول کے ری ایکشن سے ہٹ کر کوئی غیرمعمولی مضر اثرات مرتب نہیں ہوتے۔

تحقیق کے مطابق حاملہ خواتین کی صحت پر ویکسین سے کوئی اثرات مرتب نہیں ہوتے۔

محققین نے بتایا کہ ہمیں توقع ہے کہ نئے ڈیٹا سے حاملہ خواتین کو یقین دہانی کرانے میں مدد ملے گی کہ کووڈ سے بچاؤ کے لیے انہیں ویکسینیشن کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ نہ صرف ویکسین محفوظ ہیں بلکہ تحقیق سے ثابت ہوتا ہے کہ حاملہ خواتین کو کسی قسم کے غیرمعمولی مضر اثرات کا سامنا نہیں ہوتا، وہ وہ خدشہ ہے جس کا لوگوں کی جانب سے عام اظہار کیا جاتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہمیں مسلسل زیادہ سے زیادہ معلوم ہورہا ہے کہ کووڈ 19 حمل کے دوران کتنی جان لیوا بیماری ثابت ہوسکتی ہے۔

تحقیق میں کہا گیا کہ ویکسین خواتین کے لیے قابل برداشت ہے اور انہیں دیگر متعلقہ ویکسینز کے کلینکل ٹرائلز کا حصہ بنایا جانا چاہیے۔

اب تک اس تحقیق میں 20 ہزار خواتین شمولیت اختیار کرچکی ہیں اور ان کی جانب سے ویکسینیشن کے اثرات کے بارے میں بتایا جارہا ہے۔

محققین کو توقع ہے کہ تحقیق کے دائرے کو دیگر سماجی گروپس تک توسیع دی جاسکے گی اور ایسی خواتین اس کا حصہ بن جائیں گی جو طبی سہولیات کے شعبے سے منسلک نہیں، جیسا اس تحقیق میں شامل موجودہ گروپ ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے خیال میں ان شواہد کی بنیاد میں حاملہ خواتین کو مستقبل ممیں ویکسین کے تیسرے مرحلے کے ٹرائلز کا حصہ بنایا جاسکے گا۔