وزیراعلیٰ کا کنٹرول روم کا دورہ، سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا، اہم ہدایات جاری

پشاور: وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے ہفتے کے روز محکمہ داخلہ میں قائم مرکزی کنٹرول روم اور پولیس کے نئے کمانڈ اینڈ کنٹرول سنٹر کا الگ الگ دورہ کیا اور نویں اور دسویں محرم الحرام کے لئے سکیورٹی انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ 

محکمہ داخلہ اور پولیس کے اعلی حکام نے وزیر اعلی کو محرم الحرام کے دوراں سکیورٹی انتظامات اور تیاریوں کے بارے تفصیلی بریفنگ دی۔ 

چیف سیکرٹری کاظم نیاز، انسپکٹر جنرل پولیس معظم جاہ انصاری،  سیکرٹری داخلہ اکرام اللہ،  کمشنر پشاور ریاض محسود، سی سی پی او پشاور عباس احسن اور دیگر متعلقہ حکام بھی اس موقع پر  موجود تھے۔ محرم الحرام کے سکیورٹی انتظامات کے بارے میں وزیر اعلی کو بتایا گیا کہ سکیورٹی کے لئے پولیس کے 33 ہزار سے زائد اہلکار تعینات کئے گئے ہیں ضرورت پڑنے کی صورت میں پاک فوج  اور ایف سی کے کی بھی خدمات حاصل کی جاسکتی ہے۔

 صوبے کے حساس اضلاع میں سکیورٹی پر خصوصی توجہ دی کئی ہے، سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے محرم الحرام کے جلوسوں کی براہ راست مانیٹرنگ کی جارہی ہے، جلوسوں کے روایتی راستوں اور مجالس کے مقامات کے آس پاس علاقوں میں واقع ہوٹلز وغیرہ پر کڑی نظر رکھی گئی ہے۔

 وزیر اعلیٰ کو بتایا گیا کہ صوبائی سطح پر محکمہ داخلہ میں قائم مرکزی کنٹرول روم کے علاوہ ڈویڑنل اور اضلاع کی سطح پر بھی کمانڈ اینڈ کنٹرول رومز قائم کئے گئے ہیں جن کو آپس میں مربوط کیا گیا ہے جلوسوں اور مجالس میں کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد کے لئے بھی انتظامات کئے گئے ہیں  دسویں محرم پر پشاور میں 15 جلوس اور آٹھ مجالس منعقد ہونگے جن کی سکیورٹی کے لئے پولیس کے آٹھ ہزار سے زائد اہلکار تعینات کئے گئے ہیں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لئے ایمرجنسی پلان بھی تشکیل دیا گیا ہے۔

 وزیر اعلیٰ نے محرم الحرام کے لئے سکیورٹی اور دیگر  انتظامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے اس سلسلے میں انتظامیہ اور پولیس سمیت دیگر متعلقہ اداروں کی کوشش اور انتظامات کی تعریف کی۔

 میڈیاسے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ محرم کے حوالے سے صوبے میں ابھی تک کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش نہیں آیا، ہماری کوشش اور امید ہے کہ دسویں محرم کا دن بھی پر امن گزرے گا۔

 وزیر اعلیٰ نے کہا کہ موجودہ علاقائی صورتحال کے تناظر میں محرم الحرام کی سکیورٹی کے لئے غیر معمولی انتظامات کئے گئے ہیں، اس حوالے سے انتظامیہ، پولیس اور دیگر تمام متعلقہ ادارے ایک پیج پر ہیں،تمام سکیورٹی اداروں کے درمیان  اشتراک کار کا ایک مربوط نظام قائم کیا گیا ہے۔

 انہوں نے کہا کہ پشاور میں جدید ٹیکنالوجی سے لیس نئے کمانڈ اینڈ کنٹرول سنٹر قائم کیا گیا ہے اور اگلے مرحلے میں اس طرح کے جدید کمانڈ اینڈ کنٹرول سنٹر دیگر ڈویڑنل ہیڈکوارٹرز میں بھی قائم کئے جائیں گے۔ 

صوبائی حکومت بدلتی علاقائی صورتحال پر گہری نظر رکھی ہوئی ہے، موجودہ صورتحال غیر معمولی سکیورٹی انتظامات کا تقاضا کرتی ہیں اس لئے صوبائی حکومت پولیس کو تمام درکار جدید آلات اور ٹیکنالوجی سے لیس کر رہی ہے۔ وزیر اعلی نے پشاور پولیس کے نئے کمانڈ اینڈ کنٹرول سنٹر کا باقاعدہ افتتاح بھی کیا۔