گریٹر اقبال پارک واقعہ میں پولیس نے 71سالہ بزرگ بھی گرفتار کرلیا 

 لاہور: گریٹر اقبال پارک میں خاتون عائشہ اکرم سے دست درازی کے واقعے میں پولیس نے 71 سالہ بزرگ کو گرفتار کرلیا۔

 نجی ٹی وی کے مطابق گریٹر اقبال پارک میں جشن آزادی کے روز ٹک ٹاکر عائشہ اکرم سے دست درازی کے واقعے میں ملوث گرفتار افراد کی تعداد 66 ہوگئی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پولیس نے ایک ایسے 71 سالہ بزرگ شہری کو بھی گرفتار کرلیا جنہوں نے دو مرتبہ حج کا فریضہ انجام دیا ہے۔

بزرگ شہری کے بیٹے شیر خان نے نجی ٹی وی سے گرفتار کرتے ہوئے کہا کہ والد کو 14 اگست کے دن مینار پاکستان جانے کی کوئی ضرورت نہیں تھی وہ سارا دن ہمارے ساتھ گھر میں موجود تھے۔

شیر خان نے کہا کہ والد شام کو روزانہ دکان کے باہر بیٹھتے ہیں پولیس اہلکار انہیں یہاں سے ہی اٹھا کر لے گئے اور ابھی تک لاک اپ کیا ہوا ہے۔

بزرگ شہری کے بیٹے نے والد کی رہائی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ وہ بیمار ہیں، 71 سال کی عمر میں ایسا الزام افسوسناک ہے۔

انہوں نے کہا کہ لڑکی پر جو ظلم ہوا اس پر ہم بھی افسوس کرتے ہیں جنہوں نے یہ کیا غلط کیا لیکن عزت دار لوگوں کو تنگ نہ کیا جائے۔

یاد رہے کہ جشن آزادی کے روز مینار پاکستان میں ٹک ٹاکر عائشہ اکرم کے ساتھ بدسلوکی کی ویڈیو وائرل ہوئی پولیس نے 400 افراد کے خلاف مقدمہ درج کیا تھا جبکہ واقعے میں ملوث 66 افراد کو گرفتار کیا جاچکا ہے۔