راولپنڈی، مدرسے کی طالبہ سے زیادتی میں ملوث مفتی گرفتار

راولپنڈی: راولپنڈی میں مدرسے کی طالبہ کے ساتھ استاد کی زیادتی کے کیس میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔ راولپنڈی پولیس نے ملزم مفتی شاہ نواز احمد کو گرفتار کر لیا۔

 راولپنڈی میں تھانہ پیر ودھائی کی حدود میں قائم مدرسے کے استاد کی جانب سے 16 سالہ طالبہ کے ساتھ مبینہ زیادتی اور تشدد کے واقعہ کی تحقیقات میں مدرسے کے دیگر اسٹاف کو بھی شامل تفتیش کرلیا گیا۔

پولیس کے مطابق مدرسے کے استاد ملزم کی گرفتاری کیلئے راولپنڈی، چکری، حسن ابدال، مانسہرہ اور دیگر علاقوں میں چھاپے مارے گئے۔جبکہ ملزم کے بھائی بھتیجے اور مدرسے کے نائب امیر سے بھی تفتیش کی گئی۔

اس حوالے سے راولپنڈی پولیس کا کہنا ہے کہ پیرودھائی کے علاقہ میں مدرسہ کی طالبہ سے زیادتی اور تشدد کا معاملے میں راولپنڈی پولیس نے ملزم مفتی شاہ نواز احمد کو گرفتار کر لیا۔

سی پی او محمد احسن یونس کی ہدایات کے مطابق ایس ایس پی انویسٹی گیشن اور ایس پی راول تفتیش کی براہ راست نگرانی کریں گے۔