لاہور: سانحہ موٹروے کے بعد ایک اور اجتماعی زیادتی کا کیس سامنے آگیا ہے۔
گزشتہ رات ایک رکشہ ڈرائیور اور اس کے قریبی ساتھی نے بیرون شہر سے لاہور پہنچنے والی ماں بیٹی کو گن پوائنٹ پر زیادتی کا نشانہ بنا ڈالا۔
پولیس نے اس واقعہ میں ملوث رکشہ ڈرائیور عمر فاروق کو گرفتار کرلیا ہے اور اس کے ساتھی منصب کی گرفتاری کے لئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
پولیس نے دو اوباش افراد کی زیادتی کا نشانہ بننے والی ماں بیٹی کا میڈیکل لیگل کروالیا ہے اور ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرلیا ہے۔
متاثرہ ماں بیٹی کی جانب سے پولیس کو دئیے گئے بیان کے مطابق وہ گزشتہ رات 10 بجے بیرون شہر سے جناح ٹرمینل بس سٹینڈ ٹھوکر نیاز بیگ پہنچیں جہاں 34 سالہ خاتون اور اس کی 15 سالہ بیٹی نے لاہور کینٹ جانے کے لئے 3 رکشہ ڈرائیوروں سے بات چیت کی۔
ملزم عمر فاروق نے ماں بیٹی سے 1 ہزار روپے کرائے کامطالبہ کیا اور کرایہ 700 روپے طے ہوگیا دونوں ماں بیٹی رکشے میں صدر کینٹ کے لئے روانہ ہوئیں۔راستے میں ایک اور شخص رکشے میں سوار ہوگیا۔
ماں بیٹی کے احتجاج پر ملزم عمر فاروق نے کہا کہ وہ اس کا دوست ہے ملزم عمر فاروق نے رکشے کو کینال روڈ پر لیجانے کی بجائے ایل ڈی اے سٹی کی جانب لے گیا۔
وضاحت طلب کرنے پر رکشہ ڈرائیور عمر فاروق نے ماں بیٹی کو بتایا کہ وہ شارٹ کٹ راستے کے ذریعے صدر جا رہے ہیں۔
ملزمان ماں بیٹی کو جناح ایونیو کے ایک بلاک کے ویران علاقے میں لے گئے جہاں ملزمان نے پستول نکال کر ماں بیٹی پر تشدد کیا اور انہیں اپنی حوس کا نشانہ بنایا۔
اسی دوران ایک گاڑی جائے وقوعہ کی طرف آتی ہوئی دکھائی دی جسے دیکھ کر ملزمان ڈر گئے اور وہ اپنا رکشہ چھوڑ کر فرار ہوگئے۔
ماں بیٹی نے جائے وقوعہ کے قریب واقعے مدرسے پہنچ کر پولیس کو 15 پر کال کی اور پولیس نے پہنچ کر معاملے کی رکشہ قبضے میں لے کر ماں بیٹی کا جناح ہسپتال لاہور سے میڈیکل لیگل کروایا۔
پولیس کے مطابق پولیس نے رکشے ڈرائیور عمر فاروق کو وقوعہ کے چند گھنٹے بعد گرفتار کرلیا جبکہ ملزم عمر فاروق کے ساتھی منصب کی تلاش جاری ہے۔
پولیس نے یہ بھی بتایا ہے کہ ملزم عمر فاروق اور اس کا ساتھی جرائم پیشہ افراد ہیں ملزم عمر فاروق کے خلاف اس سے قبل تھانہ نواب ٹاؤن اور اوکاڑے میں بھی خواتین سے زیادتی کا مقدمہ درج ہے۔
پولیس کے مطابق ملزم عمر فاروق 16 فروری 2021ء کو جنسی زیادتی کیس میں جیل سے رہا ہو کر آیا تھا جیل سے رہائی کے بعد رکشہ چلانا شروع کردیا۔
لاہور میں گزشتہ 7 ماہ کے دوران خواتین سے زیادتی کے 1790 مقدمات درج ہوچکے ہیں۔