خیبرپختونخوا میں بلدیاتی الیکشن سے متعلق الیکشن کمیشن کی وضاحت جاری 

پشاور:الیکشن کمیشن نے افغانستان کی صورت حال کے باعث بلدیاتی الیکشن آئندہ سال کرانے سے متعلق سپیکر خیبرپختونخو اسمبلی سے منسوب بیان اور ا س سلسلے میں الیکشن کمیشن کی رضامندی کی خبروں کی سختی کے ساتھ تردید کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ الیکشن کمیشن نے اس قسم کے کسی بھی تجویز اتفاق نہیں کیا ہے۔

 الیکشن کمیشن بلدیاتی انتخابات کیلئے مکمل طورپر تیار ہے اور اس حوالے سے تما م اقدامات کرلئے گئے ہیں،الیکشن کمیشن سپیکر صوبائی اسمبلی سے منسوب بیان کی وضاحت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پرنٹ میڈیا میں سپیکر خیبر پختونخوا سے منسوب تجویز رپورٹ ہوئی ہے کہ" افغانستان کی موجودہ صورتحال  میں اگلے سال تک بلدیاتی الیکشن نہیں کرا سکتے" اور یہ کہ " ذرائع  کے مطابق الیکشن کمیشن  نے صوبائی حکومت کی تجویر پر رضا مندی کا اظہار کر دیا ہے۔ا لیکشن کمیشن اس خبر کی سختی سے تردید کرتا ہے۔

اس ضمن میں الیکشن کمیشن واضح کرتا ہے کہ آئین  کے آرٹیکل 140A /219D اور الیکشن ایکٹ 2017 کے سیکشن(4) 219 کے تحت الیکشن کمیشن بلدیاتی حکومت کے اختتام پر 120 دن کے اندر صوبہ میں بلدیاتی الیکشن کروانے کا پابند ہے  اورصوبہ خیبر پختونخوامیں بلدیاتی حکومت کی مدت 27اگست 2019کو ختم ہونے کے بعد  120 دن کا عرصہ پہلے ہی گزر چکا ہے۔

 الیکشن کمیشن صوبہ میں بلدیاتی انتخابات  کے انعقاد کو یقینی بنانے کیلئے  متعدد بار صوبائی حکومت کے  نمائندوں اور افسران سے میٹنگ کر چکا ہے اور بار بار صوبے میں فوری انتخابات کے انعقاد کیلئے کہتا رہا ہے۔


۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔