خیبر پختونخوا کے ضلع کرم کے علاقے مہورہ میں 2 گروپوں کے درمیان مسلح تصادم کے نتیجے میں 6 افراد جاں بحق جبکہ 11 زخمی ہوگئے ہیں۔
ذرائع کے مطابق خیبر پختونخوا میں ضم کئے گئے ضلع کرم کے علاقے مہورہ میں شیر جان کلے اور سابق کلے کے قبائل کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں 6 افراد جاں بحق جب کہ 11 زخمی ہوگئے، لاشوں اور زخمیوں کو ڈسٹرکٹ اسپتال پاراچنار منتقل کیا گیا ہے، جہاں زخمیوں کو طبی امداد فراہم کی جارہی ہے، زخمیوں میں سے کچھ کی حالت تشویشناک ہے ، جس کی وجہ سے جانی نقصان میں اضافے کا اندیشہ ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ شیر جان کلے اور سابق کلے قبائل کے درمیان گزشتہ کچھ عرصے سے جائیداد کا تنازع چل رہا تھا، جمعرات کی صبح دونوں مخالف فریقین کا آمنا سامنا ہوگیا، تلخ کلامی کے بعد معاملہ اس قدر بڑھ گیا کہ دونوں فریقین نے ایک دوسرے پر اندھا دھند فائرنگ کردی۔ علاقے میں اب بھی کشیدگی برقرار ہے۔
ڈی پی او ضلع کرم طاہر اقبال کا کہنا ہے کہ پولیس علاقے میں پہنچ گئی ہے اور واقعے کی تحقیقات کی جارہی ہے۔