طلبہ کیلئے بڑی خوشخبری، خیبرپختونخوا حکومت کا بڑا اقدام 

پشاور:خیبر پختونخوا حکومت نے طالبعلموں کیلئے وظائف اور سکالرشپس کے لئے ای پورٹل بنانے کا فیصلہ کرلیا۔

ای پورٹل کے ذریعے شفاف طریقے سکالرشپس اور وظائف کی تقسیم ہوگی۔

صوبائی وزیر تعلیم شہرام ترکئی اور چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا ڈاکٹر کاظم نیاز نے سکالرشپس اور وظائف کیلئے ای پورٹل کے قیام کے حوالے سے اہم اجلاس کی صدارت کی۔

 اجلاس میں سیکرٹری ابتدائی و ثانوی تعلیم یحییٰ اخونزادہ، سیکرٹری انڈسٹریز ہمایون خان سمیت دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

 وزیر تعلیم شہرام ترکئی نے اجلاس کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت خیبرپختونخوا صوبے کے قابل اور نادار طلبا کو سکالرشپس اور وظیفے فراہم کر رہی ہے, جس کیلئے کوئی مخصوص ڈیجیٹل پلیٹ فارم موجود نہیں, اس ضرورت کو مدنظر رکھتے ہوئے ای پورٹل کی شکل میں ایک ڈیجیٹل پلیٹ فارم بنایا جائے گا جس کے ذریعے تمام سکالرشپس اور وظائف کی تقسیم کے عمل میں آسانی اور شفافیت پر مبنی ہوگی۔

 اس موقع پر چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا ڈاکٹر کاظم نیاز نے کہا کہ ای پورٹل کے قیام سے وظائف اور سکالرشپس کی فراہمی کا طریقہ کار آسان ہوجائے گا اور ایک بار سکالرشپ یا وظیفہ حاصل کرنے والے دوبارہ اہل نہیں ہونگے جس سے تمام مستحق طلبا کو سہولت ہوگی۔