خیبرپختونخوا حکومت نے افغان مہاجرین کی ممکنہ آمد کے پیش نظر کسی بھی ممکنہ بحران سے بچنے کیلئے ہنگامی منصوبہ تجویز کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق مہاجرین کو طورخم، چمن، غلام خان اور ارندو کے راستے پاکستان میں داخل ہونے کی اجازت دی جائے گی اور وہ خیبر پختونخوا کے تین اضلاع خیبر، شمالی وزیرستان اور چترال میں چار پناہ گزین کیمپوں میں رہائش پذیر ہوں گے۔ مجوزہ ہنگامی منصوبہ کے تحت پناہ گزینوں کو کیمپوں تک محدود رکھا جائیگا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے مہاجرین (یو این ایچ سی آر) کے ترجمان قیصر خان آفریدی نے کہا مستقل طور پرایسا کرنا ممکن نہیں ہے۔ کچھ عرصے بعد مہاجرین کو قومی معیشت کا حصہ بنانے کی ضرورت ہوتی ہے۔