مہنگائی کی وجہ سابق حکمرانوں کی ناقص معاشی پالیسیا ں ہیں، وزیراعلیٰ

 

پشاور:وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے کہا ہے کہ ملک میں موجودہ مہنگائی کی وجہ گزشتہ حکمرانوں کی ناقص معاشی پالیسیاں ہیں جنہوں نے ملکی معیشت کے ساتھ کھلواڑ کیا اور جس کا خمیازہ آج ہم مہنگائی کی صورت میں بھگت رہے ہیں۔

 موجودہ حکومت وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں گزشتہ دور کی غلط معاشی پالیسیوں کے منفی اثرات کو کم کرنے، ملکی معیشت کو مستحکم بنیادوں پر استوار کرنے اور عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرنے کے لئے دن رات کوششیں کر رہی ہے اور ان کوششوں کے مثبت نتائج سامنے آرہے ہیں، ملکی معیشت مستحکم ہو رہی ہے، آنے والے دنوں میں مہنگائی پر قابو پالیا جائے گا اور عوام اپنی زندگیوں میں مثبت اور واضح تبدیلی محسوس کریں گے۔ 

ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کے روز ایک شمولیتی تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا جس میں مختلف سیاسی پارٹیوں سے تعلق رکھنے والے ضلع بونیر کے سینکڑوں کارکنوں اور معززین علاقہ نے پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت کی۔ 

شمولیت کرنے والوں میں آل پاکستان مسلم لیگ کے سابقہ صوبائی صدر سرمیرخان ایڈوکیٹ، جمعیت علمائے اسلام کے سابق اقلیتی رکن صوبائی اسمبلی گوہرسرن لال کے علاوہ سید نور الوہاب، شکور خان، جاوید خان اور دیگر شامل ہیں۔

 وزیراعلیٰ نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف ملک کی سب سے مقبول سیاسی جماعت ہے، موجودہ حکومت کی عوام دوست پالیسیوں کی وجہ سے اس کی عوامی مقبولیت میں روز بروز اضافہ ہورہا ہے اور یہی وجہ ہے کہ دیگر سیاسی پارٹیوں کے کارکنان اس پارٹی میں شمولیت اختیار کر رہے ہیں، جو موجودہ حکومت کی پالیسیوں پر ان کے اعتماد کا مظہر ہے۔

 وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ سابقہ ادوار میں ضلع بونیر کو پسماندہ رکھا گیا جبکہ پی ٹی آئی کی حکومت ضلع بونیر سمیت دیگر پسماندہ اضلاع کی یکساں اور پائیدار بنیادوں پر ترقی کے لئے ایک موثر حکمت عملی کے تحت اقدامات اٹھار ہی ہے۔

 انہوں نے یقین دلایا کہ وہ بحیثیت وزیراعلیٰ بونیر کی ترقی اور وہاں کے لوگوں کی پسماندگی دور کرنے کیلئے ہر ممکن اقدامات اٹھائیں گے۔

 نئے شامل ہونے والے کارکنان کو پارٹی میں خوش آمدید کہتے ہوئے وزیراعلیٰ نے امید ظاہر کی کہ وہ ملک کی تعمیر و ترقی اور نظام کی تبدیلی کے لئے پارٹی منشور اور پارٹی قائد عمران خان کے وڑن کی تکمیل میں اپنا کردار اداکریں گے۔

 پی ٹی آئی میں شمولیت کرنے والے کارکنان نے وزیراعظم عمران خان اور وزیراعلیٰ محمود خان کی قیادت اور موجودہ حکومت کی پالیسیوں پر بھر پور اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے پارٹی منشور کی تکمیل کے لئے اپنے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔ 

آخر میں وزیراعلیٰ نے پارٹی میں شمولیت کرنے والے کارکنوں کو پارٹی ٹوپیاں پہنائیں۔