صوبے کے 4اضلاع میں سیلاب کا خطرہ، الرٹ جاری 

پشاور:پشاور سمیت صوبے کے چار اضلاع میں سیلاب او رپہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈ کے خطرات کے باعث تمام اداروں کو الرٹ کردیا گیاہے۔

 محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری کردہ الرٹ کے مطابق متوقع بارش سے صوبے کے مختلف اضلاع میں سیلاب اور لینڈسلائیڈنگ کے خدشات ہیں۔

 ایبٹ آباد، ہری پور، مانسہرہ، بٹگرام، تورغر، کوہستان، بونیر، سوات، شانگلہ، چترال، لوئر اور اپر دیر، باجوڑ، مالاکنڈ، صوابی، مردان، پشاور، نوشہرہ، چارسدہ، مہمند میں تیز ہواؤں کے ساتھ تیز بارش کا امکان ہے۔

 اسی طرح خیبر، کرم، ہنگو، اورکزئی، کوہاٹ، کرک، بنوں، لکی مروت، شمالی اور جنوبی وزیرستان، ٹانک اور ڈی آئی خان کے اضلاع میں کہیں کہیں موسلادھار بارش کی بھی توقع ہے۔

 محکمہ کی جاری کی گئی پیشن گوئی کے مطابق بارشوں سے پشاور، نوشہرہ، مردان، چارسدہ کے ندی نالوں میں سیلاب آسکتا ہے اور صوبے کے پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈ کے بھی خدشات ہیں۔