8ہائیڈرو پاور پراجیکٹس مکمل، صوبے کو سالانہ 98۔3ارب کی آمدن متوقع

پشاور: محکمہ انرجی اینڈ پاور خیبرپختونخوا کے تحت صوبے میں 161 میگاواٹ کے 8 ہائیڈرو پاور پراجیکٹس کی تعمیر مکمل کی گئی ہے، جن سے صوبائی حکومت کو سالانہ 3.98 ارب روپے کی آمدنی متوقع ہے۔

اسی طرح سولر پراجیکٹ کے تحت 3.12 میگاواٹ کے پانچ منصوبے مکمل کئے گئے ہیں جن سے صوبائی حکومت کو سالانہ 86 ملین روپے کی بچت ہورہی ہے۔

علاوہ ازیں 232 میگاواٹ کے سات پن بجلی گھروں اور 43 میگاواٹ کے سات سولر پراجیکٹس کی تعمیر پر بھی کام جاری ہے جن سے بالترتیب سالانہ 9 ارب روپے کی آمدن اور 865 ملین روپے کی بچت متوقع ہے۔

 یہ بات منگل کے روز وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان کی زیر صدارت محکمہ انرجی اینڈ پاور کے اجلاس کے دوران بتائی گئی ہے۔

 اجلاس کو آگاہ کیا گیا کہ صوبے میں پیڈو کے تحت 8 ہائیڈرو پاور پراجیکٹس کی تعمیر مکمل کرلی گئی ہے،جن میں 81 میگاواٹ ملاکنڈ تھری ہائیڈرو پاور پراجیکٹ درگئی، 18 میگاواٹ پیہور ہائیڈرو پاور پراجیکٹ صوابی، 1.8 میگاواٹ شیشی ہائیڈرو پاور پراجیکٹ چترال، 4.2 میگاواٹ ریشون ہائیڈرو پاور پراجیکٹ چترال، 2.6 میگا واٹ مچئی ہائیڈرو پاور پراجیکٹ مردان، 36.6 میگاواٹ درال ہائیڈرو پاور پراجیکٹ سوات، 17 میگاواٹ رانولیا اورمختلف استعداد کے حامل نہروں پر 10 منی مائیکرو پراجیکٹس کی تعمیر شامل ہے۔ 

اسی طرح صوبے کے مختلف اضلاع میں سات ہائیڈرو پاور پراجیکٹس زیر تعمیر ہیں، جن میں 10.2 میگاواٹ جبوڑی ہائیڈرو پاور پراجیکٹ مانسہرہ، 11.8 میگاواٹ کروڑہ ہائیڈرو پاور پراجیکٹ شانگلہ، 40.8 میگاواٹ کوٹو ہائیڈرو پاور پراجیکٹ دیر لوئر، 84 میگاواٹ مٹلتان ہائیڈرو پاور پراجیکٹ سوات، 69 میگاواٹ لاوی ہائیڈرو پاور پراجیکٹ چترال، 10.5 میگاواٹ چپڑی چا ر خیل ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کرم اور 6.5 میگاواٹ براندو ہائیڈرو پاور پراجیکٹ تور غر شامل ہیں۔یہ سات منصوبے 73 ارب روپے کی مجموعی تخمینہ لاگت سے مکمل کئے جائیں گے۔

اجلاس کو مزید آگاہ کیا گیا کہ 300 میگاواٹ بالاکوٹ ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کی تعمیر کے لئے ایشیائی ترقیاتی بینک کے ساتھ معاہدے پر دستخط ہوگئے ہیں جبکہ 157 میگاواٹ مدین اور 88 میگاواٹ گبرال کالام ہائیڈرو پاور پراجیکٹس کی تعمیر کے لئے عالمی بینک کے ساتھ معاہدہ کیاگیا ہے۔

اس کے علاوہ پیڈو کے تحت بجلی کے منصوبوں کی فنڈنگ کے لئے 10 سالہ بزنس پلان منظور ہوگیا ہے جبکہ وزیر اعلیٰ کے خصوصی احکامات کی روشنی میں محکمے میں ای بڈنگ سسٹم کا اجراء کیا گیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے مزید ہدایت کی کہ بالاکوٹ ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کا سنگ بنیاد رکھنے کے لئے تیاریوں کو جلد حتمی شکل دی جائے اور ضم اضلاع میں سولر گرڈ اسٹیشن پر جلد عملی کام کا آغاز کیا جائے۔

 محمود خان نے پیڈو کے تحت پن بجلی کے جاری تمام منصوبوں پر ٹائم لائینز کے مطابق پیشرفت یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔