خیبرپختونخوا میں کورونا کے پیش نظرہیلتھ ایمرجنسی میں مزید توسیع

محکمہ صحت خیبر پختونخوا نے صوبہ بھر میں  کورونا کے پیش نظر ہیلتھ ایمرجنسی میں مزید 3 ماہ کی توسیع کا اعلامیہ جاری کردیا۔

تفصیلات کے مطابق محکمہ صحت خیبر پختونخوا کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق سیکرٹری صحت نے ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ سروسز اور 2 ماہرین وبائی امراض کے مشورے پر ہیلتھ ایمرجنسی میں مزید 3 ماہ کی توسیع دے دی ہے۔

وزیر اعلی خیبرپختونخوا سے منظوری کے بعد باضابطہ سرکاری اعلامیہ جاری کردیا گیا ہے۔

ہیلتھ ایمرجنسی میں توسیع خیبر پختونخوا اپیڈیمک کنٹرول اینڈ ریلیف ایکٹ 2020 کے سیکشن 3 کے تحت کی گئی ہے۔ ایمرجنسی پورے صوبے میں نافذ العمل رہے گی ۔

یاد رہے کہ 30 جون سے نافذ ایمرجنسی 30 ستمبر کو ختم ہوگی۔ ایمرجنسی میں یکم اکتوبر سے 31 دسمبر تک توسیع کا حکم نامہ جاری کیا ہے.

دوسری جانب صوبے میں کورونا کے مثبت کیسز کی یومیہ شرح مزید کم ہوکر 2.3 فیصد ہوگئی ہے، صوبے میں کورونا کے فعال کیسز بھی کم ہوکر 7،124 ہوگئے ہیں، سب سے زیادہ یومیہ مثبت کیسز کی شرح کوہاٹ اور مالاکنڈ سے 16،16 فیصد رپورٹ ہوئی ہے، بونیر میں یومیہ مثبت کیسز کی شرح 11 فیصد، مردان 10 فیصد، چترال لوئر 9 فیصد کوریج رہی ہے، پشاور اور صوابی میں یومیہ مثبت کیسز کی شرح 5،5 ہے۔