دیر بالا میں دوران جرگہ فائرنگ، 9 افراد جاں بحق متعدد زخمی

دیر بالا:براول میں جرگے کے دوران فائرنگ سے 9 افراد جاں بحق جب کہ 16 زخمی ہوگئے۔

 تفصیلات کے مطابق  دیربالا کے علاقہ براول میں میں گانو چم کے مقام پر سڑک کی تعمیر کے تنازع کے حل کے لیےفریقین جہان عالم اور باچا منیرگروپ کے مابین جرگہ جاری تھا کہ اس دوران جھگڑا ہوگیا، دونوں فریقین نے ایک دوسرے پر فائرنگ کردی، جس کے نتیجے میں 9 افراد جاں بحق جبکہ 16 زخمی ہوگئے۔

لاشوں اور زخمیوں کو فوری طور پر ڈی ایچ کیو اسپتال دیر منتقل کردیا گیا جہاں کچھ زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی گئی ہے۔ 4 شدید زخمیوں کو پشاور اور تیمرگرہ منتقل کردیا گیا ہے۔

مقامی ذرائع کے مطابق جاں بحق افراد میں زیادہ تر جرگہ ممبران ہیں۔

 شہریوں نے لاشیں سڑک پر رکھ کر احتجاج  کیا جبکہ علاقے میں مزید تصادم روکنے کے لیے پولیس کی بھاری نفری پہنچ گئی ہے۔