خیبرپختونخوا فوڈ سیفٹی اتھارٹی نے میران شاہ روڈ اور بکا خیل بازار بنوں میں کاروائی کرتے ہوئے ایک ھوٹل سے بڑی مقدار میں باسی مچھلیاں برآمد کرکے موقع پر تلف کر دئے۔ باسی مچھلیاں فروخت کرنے پر متعلقہ دکاندار کے خلاف جرمانہ بھی عائد کیا گیا۔ کاروائی ڈائریکٹر جنرل خیبرپختونخوا فوڈ سیفٹی اتھارٹی شاہ رخ علی خان کی ہدایت پر کی گئی، جس کے دوران جنرل سٹور ،بیکریز اور میٹ شاپس سمیت خوراک سے وابستہ مختلف کاروباروں کا معائنہ کیا گیا۔ اسی طرح کوہاٹ چونگی بنوں میں کباب شاپ کا معائنہ کیا گیا، اور چائینا سالٹ کے استعمال اور ناقص صفائی پر اسے سیل کر کے جرمانہ عائد کیا گیا۔ فوڈ سیفٹی اتھارٹی کے مطابق جنرل سٹورز اور مصالحہ شاپ سے نان فوڈ کلر برآمد کرکے جرمانہ عائد کیا ۔ مانسہرہ شہر میں بھی خوراک سے وابستہ مختلف کاروباروں کا معائنہ کیا گیا۔ کاروائی کے دوران خوراک سے وابستہ دوکانوں ہوٹلز اور ریسٹورنٹس کی انسپکشن کی گئی، اس دوران ایک دکان سے ممنوعہ اشیاء برآمد ہونے پر اسے سیل کردیا گیا اور جرمانہ عائد کیا گیا۔ اس کے علاوہ باقی دوکانوں، ہوٹلز اور ریسٹورنٹس کے مالکان کو فوڈ اتھارٹی کے ایس او پیز کے حوالے سے آگاہی دی گئی۔