بغیر ویکسینیشن والے 22 افراد کو جرمانہ

نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سنٹر کے احکامات کمشنر پشاور ڈویژن ریاض خان محسود اور ڈپٹی کمشنر پشاور کیپٹن (ر) خالد محمود کی ہدایت پر صوبائی دارلحکومت پشاور میں کورونا ویکسینیشن سرٹیفیکیٹ چیکنگ اور کورونا ویکسینیشن کا عمل جاری ہے اور نادرہ کے دفاتر میں سروس، بی آر ٹی میں سفر اور ٹرانسپورٹ اڈوں میں سفر کو کورونا ویکسین سرٹیفیکیٹ سے مشروط کیا گیا ہے۔ اس حوالے سے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر میڈم گل بانو اور ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر محمد عمران خان سمیت انتظامی افسران نے بی آر ٹی سٹیشنوں، ٹرانسپورٹ اڈوں اورنادرہ سنٹروں سمیت پشاور کے دیگر علاقوں میں محکمہ صحت کی ٹیموں کے ہمراہ کورونا ویکسینین سرٹیفیکیٹ چیک کیے اور بغیر ویکسینیشن کے افراد کو موقع پر کورونا ویکسین لگائی۔ افسرا ن نے بی آر ٹی سٹیشنوں میں کورونا ویکسینین سرٹیفیکیٹ چیک کیے اور بغیر ویکسینیشن کے شہریوں کو موقع پر کورونا ویکسین لگائی جبکہ بغیر ویکسینیشن بی آڑ ٹی سٹیشنوں میں سفر کرنے پر 22 افراد کو موقع پر جرمانہ کیا گیا۔ڈپٹی کمشنر پشاور کیپٹن (ر) خالد محمود نے انتظامی افسران کو پشاور بھر میں کورونا ضابطہ اخلاق پر عمل درآمد یقینی بناتے ہوئے کورونا ویکسین سرٹیفیکیٹ چیک کرنے کا حکم دیا ہے اور ویکسینیشن نہ کروانے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کی ہدایت کی ہے۔