امریکہ، جوہری راز فروخت کرنیکا منصوبہ بے نقاب، انجینئر اہلیہ سمیت گرفتار 

 

واشنگٹن: امریکا میں جوہری انجینئر اور اس کی اہلیہ کو جوہری آبدوزوں سے متعلق خفیہ معلومات دوسرے ملک کو فروخت کرنے کی کوشش کرتے ہوئے گرفتار کرلیا گیا ہے۔

 غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق  امریکی ایف بی آئی حکام  نے  بتایا انہوں نے ایف بی آئی ایجنٹ کو غیر ملکی نمائندہ بنا کر جوڑے کے پاس بھیجا، جو اسے انتہائی حساس معلومات دینے کے لیے تیار ہو گئے۔

امریکی محکمہ انصاف  کی رپورٹ میں کہا گیا ہے  ٹوئبے نامی شہری بحریہ کے محکمے میں ملازم ہے، جہاں وہ نیول نیوکلیئر پروپلسن پروگرام میں جوہری انجینئر کے طورپر خدمات انجام دے رہے تھے۔ انہیں خفیہ سکیورٹی کلیئرنس کے تحت انتہائی خفیہ اطلاعات تک رسائی تھی۔

اس منصوبہ کو ناکام بنانے میں ایف بی آئی، محکمہ انصاف کے وکلا، بحریہ کی مجرمانہ سرگرمیوں کی تفتیش کرنے والی ایجنسی اور محکمہ توانائی نے کافی اہم کردار ادا کیا۔

 رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ٹوئبے نے حساس معلومات میموری کارڈ میں منتقل کرکے اسے سینڈوچ  میں رکھ کر ایجنٹ تک پہنچایا۔ا س کے لیے اسے کرپٹو کرنسی میں 20 ہزار ڈالر کی رقم ادا کی گئی۔ جبکہ دوسری بار اس نے یہ کام چیونگم میں چھپا کر کیا اور 70ہزار ڈالر حاصل کیے۔