نئی دہلی:بھارتی پولیس نے ایک پاکستانی شہری کو گرفتارکرنے کا دعویٰ کیا ہے اورکہاہے کہ ملزم سے اسلحہ اور دھماکہ خیز مواد بھی برآمد کر لیا ہے۔
میڈیارپورٹس کے مطابق ایک بیان میں نئی دہلی پولیس نے کہاکہ 12 اکتوبر منگل کو پاکستان کے ایک مبینہ شدت پسند کو گرفتارکیا ہے،گرفتار شخص کا تعلق پاکستان کے صوبہ پنجاب سے ہے اوروہ دہلی میں کئی برسوں سے مقیم تھے۔
پولیس نے ان کے پاس سے اسلحہ اور دھماکہ خیز مواد بھی برآمد کرنے کابھی دعویٰ کیا۔
پولیس کے مطابق وہ بھارتی دارالحکومت میں حملے کا منصوبہ بنا رہے تھے، جنہیں شمال مشرقی دہلی کے لکشمی نگر علاقے سے حراست میں لے لیا گیا۔
دہلی پولیس کا کہنا تھا کہ وہ شہر میں ایک فرضی نام سے گزشتہ تقریباً دس سے پندرہ برسوں سے مقیم تھے اور ان کے پاس سے ایک ا ے کے 47 رائفل، ایک دستی بم، پستول اور دھماکہ خیز مواد برآمد ہوا۔
پولیس نے ان کی شناخت محمد اشرف علی کے طورپر کی اوردعویٰ کیا کہ بھارت میں علی احمد نوری کے جعلی نام سے رہ رہے تھے اور اسی نام پر بعض دستاویزات بھی حاصل کر لی تھیں۔
پولیس حکام کے مطابق اصل میں ان کا تعلق پاکستان کے صوبے پنجاب میں نارووال سے ہے۔ ان کے خلاف متعدد دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا۔