یورپی یونین کا افغانستان کیلئے ایک ارب یورو کے امدادی پیکج کا اعلان

یورپی یونین نے افغانستان میں پیدا سماجی اور اقتصادی بحرانی کیفیت کو ختم کرنے کے حوالے سے ایک بلین یورو (1.2 بلین ڈالر) کے امدادی پیکج کا اعلان کیا ہے۔
یورپین کمیشن کی سربراہ ارسولا وان ڈیر لیین نے اٹلی کی میزبانی میں ورچوئل جی20 سمٹ کے دوران امداد کا اعلان کیا جہاں یہ سمٹ افغانستان میں انسانی اور سیکیورٹی کی صورت حال پر بات چیت کے لیے طلب کی گئی تھی۔

یورپی یونین نے افغانستان اور اس کے پڑوسی ممالک کا امدادی پیکج ایک ارب یورو تک بڑھا دیا، یورپی یونین افغان امدادی پیکج کے لیے مزید سات سو ملین یورو جاری کرے گا، یورپی یونین اس سے پہلے افغانستان کے لیے تین سو ملین یورو امداد کا اعلان کر چکا ہے۔

یورپی امداد افغانستان میں انسانی، سماجی و معاشی ضروریات پرخرچ ہوگی جبکہ یورپی امداد کا کچھ حصہ افغان شہریوں کو پناہ دینے والے پڑوسی ممالک کو دیا جائے گا۔

صدر یورپی یونین ارسلا وان کا کہنا تھا کہ افغانستان کو انسانی، سماجی و معاشی تباہی سے بچانے کے لیے ہر ممکن کوشش کرنی ہوگی، طویل مدتی امداد کے لیے طالبان کو یورپی یونین کی پانچ شرائط کو پورا کرنا ہوگا۔

شرائط کے مطابق طالبان کو انسانی حقوق اور خواتین کے حقوق کا احترام کرنا ہوگا، طالبان افغانستان کو دوبارہ دہشت گردوں کی پناہ گاہ نہیں بننے دیں گے۔

افغانستان میں میڈیا کی آزادی اور افغان حکومت میں تمام گروپوں کی سیاسی نمائندگی ہوگی اور طالبان انسانی امداد کے لیے امدادی اداروں کو مکمل رسائی فراہم کریں گے۔