ماسکو:روسی صدر ولادی میر پیوٹن نے کہا ہے امریکا معاشی پابندیوں کے لیے ڈالر کو بطور ہتھیار استعمال کرکے بڑی غلطی کر رہا ہے۔
ولادی میر پیوٹن نے امریکی ٹی وی کو انٹرویو میں کہا امریکا اسی شاخ کو کاٹ رہا ہے جس پر خود وہ خود بیٹھا ہے۔ امریکا بھر میں افراط زر میں اضافہ ہو رہا ہے۔
امریکا مختصر فائدے کیلئے طویل مفادات کو داوؤپر لگا رہا ہے۔ امریکا پابندی سے متاثرہ مصنوعات کی خریداری کیلئے ڈالر کے استعمال کی اجازت نہ دیکر متبادل راہ دکھا رہا ہے۔
روس سمیت پابندی کا شکار ممالک کے پاس اس کے سوا کوئی چارہ نہیں کہ وہ دیگر کرنسیوں میں لین دین کریں۔ فی الحال ڈالر استعمال کر رہے ہیں مگر اس کرنسی سے مکمل علیحدگی کا منصوبہ ہے۔
روسی صدر ولادی میر پوٹن نے افغانستان کی صورتحال کا ذمہ دار امریکا کو ٹھہراتے ہوئے کہا کہ عراق اور شام میں موجود دہشت گرد تیزی سے اب افغانستان کا رخ کررہے ہیں۔
ان دہشت گردوں کے پاس تخریب کاری کا وسیع تجربہ لہٰذا اب افغانستان میں صورت حال آسان نہیں، اس کے علاوہ اس بات کا بھی امکان ہے کہ یہ دہشت گرد افغانستان کے پڑوسی ممالک کو غیر مستحکم کرنے کے لیے کارروائیاں شروع کریں۔