لندن:وزیراعظم پاکستان عمران خان کی سابق اہلیہ جمائما خان نے ایک تازہ انٹرویو میں دعویٰ کیا ہے کہ انھیں پاکستان اس لیے چھوڑنا پڑا تھا کیونکہ ان کے خلاف سیاسی بنیادوں پر کیس بنائے جا رہے تھے اور انھیں عمران خان کو نشانہ بنانے کے لیے استعمال کیا جا رہا تھا۔
جمائما خان برطانوی اخبار دی ایوننگ سٹیڈرڈ کے ساتھ اپنے آئندہ آنے والے شو ’دی امپیچمنٹ‘ کے بارے میں بات کر رہی تھیں۔
اس شو میں امریکی صدر بل کلنٹن اور مونیکا لونسکی کے درمیان تعلق کے بعد سیاسی داؤ پیچ کو اس طرح کے واقعات سے وابستہ خواتین کی نظر سے دکھایا گیا ہے۔
جمائما خان نے کہا ہے کہ ’مجھے مونیکا لونسکی کے انٹرویو کے دوران احساس ہوا کہ اسی سال مجھے بھی پاکستان چھوڑنا پڑا تھا۔ مجھے بھی سیاسی بنیادوں پر جیل کی دھمکی دی گئی تھی۔
مجھے لگا کہ (مونیکا لونسکی اور جمائما خان کی کہانیوں) میں بہت مماثلت تھی۔ میں نے اپنے سے ایک کافی بڑی عمر کے شخص سے شادی کی ہوئی تھی، جو کہ سیاسی طور پر طاقتور تھا اور اسے نقصان پہنچانے کے لیے مجھے نشانہ بنایا جا رہا تھا۔
جمائما خان کی فلم میں اس چیز پر غور کیا گیا ہے کہ ایسے تعلقات میں کیا دونوں فریقوں میں طاقت کا تناسب یکساں ہوتا ہے اور یہ کہ طاقتور سیاسی شخصیات کے ساتھ رومانوی تعلق رکھنے والی خواتین کس قدر مجبور ہو سکتی ہیں۔
اس شو میں یہی دکھایا گیا ہے کہ ایسی خواتین پدر شاہی میں رچے سیاسی نظاموں میں گھری ہوتی ہیں۔
جمائما خان کا کہنا ہے کہ ’ہم اس دنیا میں مکمل طور پر رومانوی پیار کے خیال کے تحت رہتے ہیں، اگر اس میں ہم کچھ عملیت پسندی ڈال دیں، کچھ غیر جذباتی سوچ ڈال دیں تو شاید ہم کسی درمیانے راستے پر پہنچ جائیں اور ہم بہتر فیصلے کر سکیں۔‘