پشاور:صوبائی حکومت نے صوبے میں کورونا وبامیں کمی کے بعد کورونا وباکی پابندیوں میں مذید نرمی کااعلامیہ جاری کردیا ہے۔
اس سلسلے میں صوبائی محکمہ داخلہ کی جانب سے جاری ہونیوالے اعلامیہ کے مطابق صوبے بھر میں تمام کمرشل سرگرمیاں اب رات دس بجے تک جاری رہیں گی تاہم ادویات،کھانے پینے کی اشیاء،دودھ کی دکانوں پر اس کا اطلاق نہیں ہوگا اور یہ دکانیں 24گھنٹے کھلی رہیں گی۔
اسی طرح نرمی کے بعد شادی ہالوں میں آؤٹ ڈور تقریبات میں ویکسین لگانے والے مہمانوں کی تعداد بڑھاکر پانچ سو کردی گئی ہے۔ان ڈور تقریبات میں بھی ویکسین لگانے والے مہانوں کی تعداد بڑھاکر تین سو کردی گئی ہے۔
اسی طرح صوبے بھر میں ہفتے میں ایک دن کاروبار بند کرنے کے احکامات بھی واپس لے لئے گئے ہیں اسی طرح تمام پبلک پرائیویٹ دفاتر میں ملازمین کی سو فیصد حاضری بھی بحال کردی گئی ہے۔
تاہم پبلک مقامات پر ماسک کا استعمال کرنے کے احکامات برقرار رہیں گے،اسی طرح پبلک ٹرانسپورٹ 70فیصد مسافروں کے ساتھ چلے گی،اسی طرح جم اور سنیما ہالز بھی مکمل ویکسین لگانے والوں کے لئے کھول دئیے گئے ہیں۔