دیر بالا میں سی ٹی ڈی کی کاروائی،مطلوب دہشتگرد مارنے کا دعویٰ

سی ٹی ڈی کے مطابق  ہلاک دہشتگرد عبدالوہاب کا تعلق کالعدم تحریک طالبان پاکستان سے ہے جس کی گرفتاری پر صوبائی حکومت نے 5 لاکھ روپے انعام مقرر کیا تھا، جوکہ پولیس اہلکاروں کے قتل، بم دھماکوں اور پاک فوج کے دستوں پر خودکش حملوں میں بھی ملوث تھا۔

کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ خیبر پختونخوا کی جانب سے جاری بیان کے مطابق  سی ٹی ڈی کو سوات و دیر میں 2 سے 3 دہشتگردوں کے داخلے کی خفیہ اطلاع ملی جس پر سی ٹی ڈی نے فورا" کاروائی کرتے ہوئے ان دہشت گردوں کو دیر بالا کے علاقے اخگرام واڑئی میں گھیر لیا،جہاں فائرنگ کے تبادلے میں ایک دہشت گرد ہلاک جبکہ دیگر فرار ہوگئے، ہلاک دہشت گرد کے شناخت عبدالوہاب کے نام سے ہوئی۔ اس کے قبضے سے اسلحہ اور بارودی مواد بھی برآمد ہوا ہے۔

سی ٹی ڈی کے مطابق عبدالوہاب کی گرفتاری پر صوبائی حکومت نے 5 لاکھ روپے انعام مقرر کیا تھا، پولیس پوسٹ کشورہ مالم جبہ، مالم جبہ ریزارٹ ، گرلز مڈل اسکول کشورہ کو تباہ کرنے کے علاوہ پولیس اہلکاروں کے قتل، بم دھماکوں اور پاک فوج کے دستوں پر خودکش حملوں میں بھی ملوث تھا۔