امریکہ کی یونیورسٹی میں فائرنگ، ایک شخص جاں بحق، 7زخمی

واشنگٹن : امریکا کے ایک اور تعلیمی ادارے میں فائرنگ کا واقعہ پیش آیا ہے، گرامبلنگ اسٹیٹ یونیورسٹی میں فائرنگ سے ایک شخص ہلاک اور 7 زخمی ہوگئے۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق اتوار کے روز فائرنگ میں ایک نوجوان ہلاک جبکہ 7 زخمی ہوئے ہیں, اس سے چار دن قبل لوزیانا کے ایک سکول میں بھی فائرنگ کی واردات ہوئی تھی۔

فائرنگ اتوار کی سہ پہر کیمپس کواڈ پر ہوئی، واردات میں مرنے والے شخص کا داخلہ سکول میں نہیں ہوا تھا، اور زخمیوں میں سے ایک سکول کا طالب علم ہے، جس کو طبی امداد فراہم کی جارہی ہے، پولیس نے فی الحال متاثرین کی شناخت ظاہر نہیں کی ہے۔

امریکی میڈیا کے مطابق چند زخمیوں کی حالت تشویش ناک ہے، فائرنگ کے بعد سکیورٹی اہلکاروں نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن بھی کیا جس کے بعد پولیس نے دو افراد کو شک کی بنیاد پر گرفتار کرلیا ہے۔

سانحے کے بعد یونیورسٹی انتظامیہ نے اتوار کی چھٹی کے علاوہ پیر اور منگل کی کلاسز بھی منسوخ کردی ہیں۔

یونیورسٹی میں رات 9:30 بجے سے صبح 6 بجے تک کا کرفیو نافذ کردیا گیا ہے۔